مجلس کے قائد مقننہ اکبرالدین اویسی کو قائد اپوزیشن کی نشست کی فراہمی متوقع
حیدرآباد۔26اپریل(سیاست نیوز) قائد مقننہ مجلس پارٹی اکبر الدین اویسی کو تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں قائد اپوزیشن کی نشست کی فراہمی عمل میں لائی جا سکتی ہے کیونکہ کانگریس ارکان اسمبلی کے انحراف کے بعد کانگریس مقننہ پارٹی کا موقف ایوان اسمبلی میں انتہائی کمزور ہوتا جا رہاہے اور اگر مزید دو ارکان اسمبلی کانگریس سے انحراف کرتے ہوئے تلنگانہ راشٹر سمیتی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہیں تو ایسی صورت میں کانگریس 6 ارکان اسمبلی تک محدود مقننہ پارٹی ہو جائے گی اور ایسی صورت میں مجلس مقننہ پارٹی اسمبلی میں برسراقتدار جماعت کے بعد 7ارکان اسمبلی کے ساتھ بڑی جماعت بن جائے گی ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں قائد اپوزیشن کا موقف کسی بھی سیاسی جماعت کو حاصل نہ ہونے کے سبب برسراقتدار جماعت کی جانب سے اس منصوبہ پر غور کیا جا رہاہے کہ اپنی حلیف جماعت کے قائد ایوان مقننہ اکبر الدین اویسی کو ایوان میں موجود قائد اپوزیشن کی نشست مختص کی جائے۔تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں قائد اپوزیشن کی نشست کی تخصیص کا اختیار اسپیکر اسمبلی کو حاصل ہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاستی اسمبلی میں کسی بھی سیاسی جماعت کو اپوزیشن کا موقف حاصل نہ ہونے کے سبب برسراقتدار سیاسی جماعت کے بعد سب سے زیادہ ارکان رکھنے والی سیاسی جماعت کے قائد مقننہ کو اس نشست کی تخصیص عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ ڈسمبر 2018 میں ہونے والے ریاستی اسمبلی کے انتخابات کے دوران کانگریس نے ریاست تلنگانہ میں 19نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپوزیشن کا موقف حاصل کیا تھا اور پارٹی کی جانب سے قائد اپوزیشن کے عہدہ کے لئے ملو بٹی وکرمارک کا انتخاب عمل میں لایا گیا تھا لیکن کانگریس کے اب تک 11ارکان اسمبلی کی جانب سے تلنگانہ راشٹر سمیتی میں شمولیت کے اعلان کے بعد تلنگانہ راشٹر سمیتی اس بات کی کوشش کر رہی ہے کہ کانگریس کے منحرف ارکان اسمبلی کو قانونی رسہ کشی سے محفوظ رکھنے کیلئے مزید دو ارکان اسمبلی کو پارٹی میں شامل کروائے کیونکہ ایسا کرنے کے بعد کانگریس مقننہ پارٹی کو تلنگانہ راشٹر سمیتی مقننہ پارٹی میں ضم کرنے کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں قائد اپوزیشن کی نشست کی تخصیص کے معاملہ میں فیصلہ کا اختیار اسپیکر کو حاصل ہے اور سال 2014 عام انتخابات میں لوک سبھا میں قائد اپوزیشن کی نشست اسپیکر لوک سبھا نے ملکارجن کھرگے کو مختص کی تھی جبکہ کانگریس نے صرف 44نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپوزیشن کا موقف حاصل کرنے سے محروم ہوگئی تھی لیکن اس کے باوجود ایوان میں برسراقتدار جماعت کے بعد سب سے زیادہ اراکین کی تعداد رکھنے کی وجہ سے کانگریس کو یہ نشست تفویض کی گئی تھی اسی طرح تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں قائد مقننہ مجلس پارٹی اکبر الدین اویسی کو قائد اپوزیشن کی نشست مختص کئے جانے کا امکان ہے۔