کانگریس لیڈر ڈگ وجئے سنگھ کی عدالت میں پیشی

سابق چیف منسٹر پر ریکروٹمنٹ اسکام میں ملوث ہونے کا الزام
بھوپال 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر ڈگ وجئے سنگھ نے اسمبلی سکریٹریٹ میں مبینہ تقررات اسکام کے سلسلہ میں آج یہاں ایک عدالت میں حاضر ہوئے جبکہ یہ اسکام ان کے دور چیف منسٹری میں پیش آیا تھا۔ سابق چیف منسٹر مدھیہ پردیش نے خصوصی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کاشی ناتھ سنگھ کے روبرو پیش ہوئے۔ عدالت نے کل ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا تھا جوکہ اسکام کے ایک ملزم ہیں کیوں کہ وہ عدالت میں طلبی کے باوجود حاضر نہیں ہورہے تھے اور پولیس نے اس کیس میں 1969 صفحات پر مشتمل سپلیمنٹری چارج شیٹ بھی داخل کردی ہے۔ عدالت میں ڈگ وجئے سنگھ کی پیشی کے موقع پر صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ارون یادو، سابق مرکزی وزیر سریش پچوری اور ان کے وکیل ویویک ٹنکا موجود تھے۔ اس کیس کے دیگر 7 ملزمین بشمول سکریٹریٹ کے ملازمین کے کے کوشل اور اے کے پیاس نے عدالت میں حاضری دی تھی جنھیں 30 ہزار روپئے کے شخصی مچلکہ پر ضزانت منظور کرلی گئی۔ یہ اسکام 1993 ء اور 2003 ء کے دوران ایم پی اسمبلی سکریٹریٹ میں تقررات سے متعلق ہے جبکہ مسٹر ڈگ وجئے سنگھ اُس وقت مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر تھے۔ گزشتہ سال پولیس کی پوچھ تاچھ میں بتایا تھا کہ ملازمین کی بھرتیوں کی منظوری کابینہ میں دیئے جانے کے بعد قواعد کے مطابق عمل میں لائی گئی تھی جبکہ چارج شیٹ میں یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ دھوکہ دہی، سازش اور سرکاری اختیارات کا بیجا استعمال کیا گیا۔