حکومت پر تنقید کا حق نہیں، رکن اسمبلی شیکھر ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جولائی (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی پی شیکھر ریڈی نے نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین کو تلنگانہ تحریک کے غدار قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ وہ اقتدار کیلئے اتحاد کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شیکھر ریڈی نے کہا کہ نکریکل میں منعقدہ جلسہ عام میں نلگنڈہ کے کانگریس قائدین اتم کمار ریڈی ، جانا ریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور دوسروں نے حکومت کے خلاف جو زبان استعمال کی ہے، وہ ان کی تہذیب کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے خلاف جن الفاظ کا استعمال کیا ، وہ افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت نے عوام کی بھلائی کیلئے کئی اقدامات کئے۔ کانگریس قائدین اقتدار کی لالچ میں حکومت پر الزام تراشی کر رہے ہیں۔ نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ کے اجلاس کے نام پر تمام بدعنوان قائدین ایک اسٹیج پر دکھائی دیئے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اور ان کے افراد خاندان پر الزام تراشی ٹی آر ایس کیڈر کے لئے ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین دراصل عوامی تائید سے محرومی کے سبب بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ شیکھر ریڈی نے کہا کہ اسٹیج پر موجود کانگریس قائدین اقتدار اور کرسی کیلئے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جن قائدین میں اتحاد نہیں ہے، وہ عوام کی کیا خدمت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2019 ء کانگریس پارٹی کیلئے آخری الیکشن ہوگا۔ نلگنڈہ میں ایک بھی نشست پر کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ایک ڈرامہ کمپنی میں تبدیل ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر برقی جگدیش ریڈی نلگنڈہ میں مختلف ترقیاتی اسکیمات کے آغاز میں اہم رول ادا کرچکے ہیں۔ شیکھر ریڈی نے کہا کہ نلگنڈہ لوک سبھا کی نشست پر کانگریس کی ضمانت بھی نہیں بچے گی۔