کانگریس قائدین کی سکیوریٹی میں اضافہ کا مطالبہ

حیدرآباد 10 ڈسمبر ( این ایس ایس ) پردیش کانگریس قائدین نے سابق ایم پی مدھو یشکی گوڑکی قیادت میں تلنگانہ ڈی جی پی ایم مہیندر ریڈی سے ملاقات کی اور ان سے مطالبہ کیا کہ پارٹی قائدین کو مناسب سکیوریٹی فراہم کی جائے ۔ کلواکرتی کے پارٹی امیدوار و سابق ایم ایل اے ومشی چند ریڈی اور پردیش کانگریس کے خازن جی نارائن ریڈی کے ساتھ ڈی جی پی سے ملاقات کرتے ہوئے مدھو یشکی گوڑ نے ڈی جی پی کو اس مسئلہ پر ایک یادداشت پیش کی ۔ مدھو یشکی گوڑ نے ڈی جی پی کو مطلع کیا کہ انہیں ‘ پونم پربھاکر ریڈی ‘ ومشی چند ریڈی ‘ روہت ریڈی اور نارائن ریڈی جیسے قائدین کو کچھ نا معلوم افراد نے حملوں کا نشانہ بنایا ہے ۔ انہوں نے ڈی جی پی سے کہا کہ سکیوریٹی کے فقدان کی وجہ سے ایسے حملے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ڈی جی پی سے خواہش کی کہ کانگریس قائدین کی سکیوریٹی میں فوری اضافہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جو افراد حملوں میں ملوث رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی بھی کی جائے ۔