حیدرآباد۔/2ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سینئر کانگریس قائدین مسٹر اے رام نارائن ریڈی سابق وزیر اور اے ویویکانندا ریڈی سابق رکن اسمبلی ( ریڈی برادران ) نے آج صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کرکے تلگودیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے دونوں ریڈی برادران ( اے رام نارائن ریڈی اور اے ویویکانندا ریڈی ) کو پارٹی کا کھنڈوا اڑھاکر دونوں کو تلگودیشم پارٹی میں شامل کرلینے کا اعلان کیا اور ان کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں قائدین کو تلگودیشم پارٹی کا شناختی کارڈ بھی حوالہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع نیلور سے تعلق رکھنے والے دونوں قائدین کی تلگودیشم پارٹی میں شمولیت کی وجہ سے ضلع نیلور کی سیاست میں ایک نئی انقلابی تبدیلی رونما ہوگئی کیونکہ دونوں ہی قائدین ضلع نیلور میں کانگریس پارٹی کے اہم ستون تصور کئے جاتے تھے لیکن گزشتہ چند دنوں سے ہی مذکورہ دونوں قائدین کی سرگرمیوں اور پارٹی پروگراموں میں شرکت سے کنارہ کشی کرنے کا طریقہ کار اختیار کیا تھا۔
جس کے پیش نظر دونوں قائدین ( ریڈی برادران ) کے تعلق سے ضلع نیلور و دیگر مقامات کے عوام میں شکوک و شبہات پائے جارہے تھے جو کہ آج ان دونوں ریڈی برادران کی تلگودیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد صحیح ثابت ہوئے۔