فیس بک کے ذریعہ پارٹی کارکنوں سے صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کی راست بات چیت
حیدرآباد۔یکم اگسٹ، (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے ٹکٹوں کی تقسیم میں پارٹی کیڈر سے رائے حاصل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو تنظیمی سطح پر مستحکم کرنے کیلئے سرگرم قائدین کی خدمات سے ضرور استفادہ کیا جائے گا۔ آج شام سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ’’ فیس بک ‘‘ کے ذریعہ پارٹی کارکنوں سے راست بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کیلئے سپاہی کی طرح خدمات انجام دینے والے کسی بھی قائدکو کانگریس ہرگز نظر انداز نہیں کرے گی۔ اتم کمار ریڈی نے پارٹی کارکنوں کو انتخابی تیاریاں شروع کردینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اسمبلی و لوک سبھا انتخابات کے ٹکٹوں کی تقسیم میں مقامی پارٹی کیڈر کی رائے کو ملحوظ رکھتے ہوئے فیصلے کئے جائیں گے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے شکتی ایپ میں ناموں کے اندراج کی آخری تاریخ میں توسیع دینے کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے مقررہ وقت پر پارٹی کے تمام قائدین و کارکنوں کو کم از کم ہر بوتھ سے 25 افراد کا شکتی ایپ میں رجسٹریشن کرانے پر زور دیا۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کانگریس کے تمام اہم قائدین شکتی ایپ سے جُڑ چکے ہیں۔ مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات، دلت طبقات میں 3 ایکر اراضی کی تقسیم، غریب عوام کو ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کرنے کے وعدے کو نبھانے میں پوری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ عوامی فنڈز پر عیش و آرام کرتے ہوئے چیف منسٹر اور ان کا خاندان گھمنڈ اور تکبر کا شکار ہوگیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے پارٹی ورکرس کو ٹی آر ایس حکومت کی ناکامیوں کو عوام کے سامنے آشکار کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے قبل ازیں انتخابات کے اشارے ملنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کانگریس کیڈر کو انتخابات کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہنے کا مشورہ دیا۔ سماج کے تمام طبقات حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہ رہنے کا بھی انہوں نے ادعا کیا۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ کانگریس کو اقتدار حاصل ہوتے ہی یکمشت 2 لاکھ روپئے تک کسانوں کے قرض معاف کرنے اور ہر کاشت کو اقل ترین قیمت ادا کرنے اور بونس دینے کا بھی وعدہ کیا۔ خواتین کے ہر ایک سیلف ہیلپ گروپ کو ایک لاکھ روپئے گراف دینے اور بینکوں سے ہر گروپ کو 10 لاکھ روپئے کے قرض دلوانے کا تیقن دیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے بیروزگار نوجوان حکومت سے ناراض ہیں اور انہیں روزگار فراہم کرنے میں ٹی آر ایس حکومت ناکام ہوگئی ہے۔ کانگریس کو اقتدار حاصل ہوتے ہی روزگار کے بڑے پیمانہ پر مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ 3ہزار روپئے بیروزگاری بھتہ ادا کیا جائے گا۔