کانگریس قائدین کرسی کے لیے آپس میں دست و گریباں

وزیر آبپاشی ہریش راؤ کا الزام، عوام کی بھلائی کیلئے ٹی آر ایس حکومت کے کئی اقدامات
حیدرآباد ۔ 18 ۔جون (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ کانگریس قائدین کو کرسی کیلئے آپس میں لڑائی جھگڑے سے فرصت نہیں ہے اور انہیں عوامی مسائل کی کوئی فکر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اپنے دس سالہ دور اقتدار میں عوامی مسائل کو نظر انداز کردیا تھا۔ کانگریس قائدین اپنی کرسی بچانے کا پھر شخصی مفادات کی تکمیل میں مصروف رہے۔ اب جبکہ ٹی آر ایس حکومت عوام کے ہر طبقہ کی بھلائی کے اقدامات کر رہی ہے، کانگریس قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں برقی کی کٹوتی عام ہوچکی تھی ۔ کسی بھی شعبہ کو 24 گھنٹہ بلا وقفہ برقی سربراہ نہیں کی گئی ۔ کسانوں کو فصلوں کا بھاری نقصان ہوا۔ کانگریس دور حکومت برقی ، کھاد کی کمی اور نقلی ادویات کے بحران سے پر رہا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی کسی بھی ریاست میں زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہی کا انتظام نہیں ہے۔ کانگریس دور میں کسانوں کو 9 گھنٹے سربراہی کا وعدہ کیا گیا لیکن چار گھنٹے بھی برقی سربراہ نہیں کی گئی۔ فصلوں کو نقصان اور قرض کے بوجھ کے سبب کسانوں نے خودکشی کرلی ۔ لاکھوں کی تعداد میں زرعی مزدور دیگر ریاستوں کا رخ کرنے پر مجبور ہوگئے ۔ ہریش راؤ نے نکریکل میں مختلف ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ کی بھلائی کیلئے کے سی آر حکومت کے اقدامات ملک بھر میں مثالی ہیں۔ ملک کی کئی ریاستوں نے تلنگانہ کی اسکیمات کو اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین کو حکومت پر تنقید کیلئے کچھ بھی حاصل نہیں ہورہا ہے ۔ لہذا وہ بے بنیاد الزامات کا سہارا لے کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہریش راؤ نے رعیتو بندھو اسکیم اور کسانوں کیلئے انشورنس اسکیم کا حوالہ دیا اور کہا کہ ملک کی کوئی ریاست اس طرح کی اسکیم کی مثال پیش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی دراصل انتشار کا شکار ہے اور قائدین آپس میں رسہ کشی میں مصروف ہیں۔ کانگریس کو کبھی بھی عوامی مسائل اور عوامی بھلائی کی فکر لاحق نہیں ہوئی ۔ ان کے پیش نظر ہمیشہ اقتدار اور کرسی رہی ہے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ کانگریس کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس دوبارہ برسر اقتدار آئے گی اور اپوزیشن کیلئے ریاست میں کوئی جگہ نہیں ہے۔