کانگریس قائدین پر ٹی آر ایس حکومت کے خلاف بے جا تنقیدیں کرنے کا الزام

اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرنے کا مشورہ ، گورنمنٹ چیف وہپ کے ایشور کا بیان
حیدرآباد۔/6اگسٹ، ( سیاست نیوز) گورنمنٹ چیف وہپ کے ایشور نے کانگریس پارٹی پر تنقید کی کہ وہ حکومت پر بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے عوام میں اُلجھن پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایشور نے کہا کہ کانگریس قائدین روزانہ حکومت پر بے بنیاد اور حقائق سے بعید الزامات عائد کررہے ہیں تاکہ عوامی ہمدردی حاصل کی جاسکے۔ انہوں نے سی ایل پی قائد جانا ریڈی اور دیگر قائدین کی جانب سے حکومت پر کی گئی تنقیدوں کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ جانا ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو نشانہ بنایا ہے جبکہ چیف منسٹر عوامی فلاح و بہبود کیلئے خود کو وقف کرچکے ہیں۔ حکومت کی جانب سے شروع کی گئی مختلف فلاحی اسکیمات سے عوام خوش ہیں اور کانگریس پارٹی کی تنقیدوں کا عوام پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مخالف حکومت بیانات کے بجائے کانگریس قائدین کو چاہیئے کہ وہ تعمیری اپوزیشن کا رول ادا کرتے ہوئے اسکیمات پر موثر عمل آوری میں تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی بھی تعمیری تجویز کو قبول کرنے کیلئے تیار ہے۔ ایشور نے کہا کہ قائد اپوزیشن کے عہدہ پر فائز جانا ریڈی کیلئے یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ چیف منسٹر کو تنقید کا نشانہ بنائیں۔ ان کے الزامات اور تنقیدیں ان کے مرتبہ کو زیب نہیںدیتیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین اپنی سیاسی بقاء کیلئے منصوبہ بند انداز میں حکومت کو نشانہ بنارہے ہیں۔ انہوں نے کانگریس قائدین سے سوال کیا کہ انہیں حکومت کے اچھے اقدامات نظر نہیں آرہے ہیں؟۔ کم از کم اپوزیشن کو اچھے اقدامات کی ستائش کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کو برسراقتدار آئے صرف 15ماہ کا وقت ہوا ہے اور ابھی سے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ اچھی طرح جانتے ہیں کہ کس طرح ریاست کو ترقی دی جائے۔ چندر شیکھر راؤ ایک جامع منصوبہ کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں اور ان کی قیادت میں تلنگانہ بہت جلد ترقی کے معاملہ میں دیگر ریاستوں کو پیچھے چھوڑ دے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے اقدامات سے تلگودیشم اور کانگریس قائدین پریشان ہیں جبکہ عوام مطمئن ہیں۔ حکومت کو عوام کی بھلائی کی فکر ہے جبکہ اپوزیشن سیاسی مقاصد کیلئے تنقیدوں کا سہارا لے رہی ہے۔