’’کانگریس قائدین میری شکایت کرنے دہلی نہیں گئے ہیں‘‘: اتم کمار ریڈی

حیدرآباد۔/20جون، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ کانگریس قائدین ان شکایت کرنے کیلئے دہلی گئے ہوں گے۔ ٹی آر ایس، تلگودیشم اور بی جے پی کے کئی قائدین کانگریس سے رابطے میں ہونے کا دعویٰ کیا۔ اتم کمار ریڈی نے آج گاندھی بھون میں پارٹی کارکنوں کی موجودگی میں اپنی سالگرہ منائی اور میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے کانگریس قائدین پارٹی صدر راہول گاندھی کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرنے کیلئے دہلی گئے ہیں اور ملاقات میں پارٹی کے استحکام و تازہ سیاسی صورتحال پر پارٹی صدر سے بات چیت کی ہوگی جس کا انہیں پورا اختیار ہے، وہ سب پارٹی کے سینئر قائدین ہیں، وہ نہیں سمجھتے کہ پارٹی کے قائدین نے ان کے خلاف کوئی شکایت کی ہوگی۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہاکہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی تیزی سے عوامی اعتماد حاصل کررہی ہے۔ ٹی آر ایس حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے جس سے ٹی آر ایس کے قائدین میں بھی ناراضگی پائی جاتی ہے۔ ٹی آر ایس کے قادئین جن میں عوامی منتخب نمائندے بھی شامل ہیں کانگریس پارٹی میں شام ہونا چاہتے ہیں اور پارٹی سے رابطے میں ہیں۔ اس کے علاوہ بی جے پی اور تلگودیشم قائدین بھی کانگریس میں شمولیت کیلئے اپنی دلچسپی ظاہر کررہے ہیں۔ کانگریس کے مقامی قائدین سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد انہیں پارٹی میں شامل کیا جائے گا۔ اتم کمارریڈی نے گرام پنچایت انتخابات کیلئے تحفظات کا جو پیمانہ تیار کیا گیا ہے ایس پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ بی سی تحفظات پر ریاست کے مختلف گوشوں سے شکایتیں موصول ہورہی ہیں جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ چیف منسٹر کے سی آر اس پر نظر ثانی کریں۔ بی سی تحفظات کے معاملہ میں حکومت نے غفلت سے کام لیا ہے یہ تحفظات پنچایت راج قانون کے بالکل برعکس ہیں۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ پنچایت راج تحفظات پر کانگریس کے منڈل سطح کے قائدین کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔