بنگلورو ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے سینئر لیڈر کے ایس ایشورپا نے ایک نیا تنازعہ پیدا کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کانگریس سے وابستہ مسلمان ’قاتل‘‘ ہیں جبکہ انکی پارٹی (بی جے پی) ’’اچھے مسلمان‘‘ ہیں۔ ایشورپا نے گذشتہ روز ٹمکور میں اخباری نمائدنوں سے کہا کہ ’’آر ایس ایس اور بی جے پی کے 22 کارکنوں کو ہلاک کرنے والے مسلمان کانگریس کے ہیں اور جو اچھے مسلمان ہیں وہ بی جے پی کے ساتھ ہیں۔ دوسروں کو ہلاک کرنے والے مسلمان کانگریس کے ساتھ ہیں‘‘۔ بی جے پی یہ الزام عائد کررہی ہیکہ کانگریس کرناٹک میں سنگھ پریوار کے کارکنوں کو نشانہ بنانے کیلئے پاپولر فرنٹ آف انڈیا اور اس کے سیاسی شعبہ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔