حیدرآباد /22 جون ( سیاست نیوز ) ڈی ناگیندر کے کانگریس سے استعفی کے بعد ایک اور سابق وزیر مکیش گوڑ اور ان کے فرزند وکرم گوڑ کی جانب سے بھی استعفی پیش کردینے کی تیاری کرنے کی افواہیں گشت کر رہی ہیں ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمار ریڈی سے ملاقات نہ کرنے والے ڈی ناگیندر نے ریاستی وزیر انیمل ہسنبڈری ٹی سرینواس یادو سے ملاقات کی ۔ کانگریس کے سینئیر قائدین نے قائد اپوزیشن کے جاناریڈی کی قیام گاہ پر ایمرجنسی میٹنگ طلب کی ۔ پارٹی کے مزید قائدین کو پارٹی چھوڑنے سے روکنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔ ڈی ناگیندر کے استعفی کی اطلاع ملتے ہی صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اُتم کمار ریڈی انہیں روکنے کیلئے فوری ان کی قیامگاہ پہونچ گئے مگر ڈی ناگیندر گھر پر موجود نہیں تھے ۔ اُتم کمار ریڈی نے ٹیلیفون پر ڈی ناگیندر سے بات چیت کی تو ناگیندر نے شہر سے باہر ہونے کا بہانے کرتے ہوئے شام میں ملاقات کرنے کا وعدہ کیا شام میں کانگریس کے اہم قائدین صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمار ریڈی قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر سکریٹری اے آئی سی سی وی ہنمنت راؤ سابق رکن اسمبلی مہیشور ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین نے جانا ریڈی کی قیام گاہ پر ایمرجنسی اجلاس طلب کیا اور تازہ حالت کا جائزہ لیا ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ سابق وزیر ایم مکیش گوڑ اور ان کے فرزند وکرم گوڑ کانگریس سے مستعفی ہوکر حکمراں ٹی آر ایس میں شامل ہونے کی تیاریاں کر رہے ہیں ۔ کانگریس کیلئے دسیتاب نہ رہنے والے ڈی ناگیندر نے ریاستی وزیر سرینواس یادو سے ان کی قیام گاہ پہونچکر تقریباً ایک گھنٹہ تک ملاقات کی ۔ ڈی ناگیندر نے ملاقات کے بارے میں میڈیا کو کچھ نہیں بتایا ۔ صرف اتنا کہا کہ وہ 23 جون کو دوپہر 12 بجے ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے اپنے مستقبل کی حکمت عملی کے بارے میں تفصیلات پیش کریں گے ۔ سرینواس یادو نے کہا کہ اگر ڈی ناگیندر ٹی آر ایس میں شامل ہونا چاہتے ہیں تو ضرور انہیں پارٹی میں شامل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں ہر کسی کو نہیں لیا جائے گا ۔ اگر گیٹ کھول دیا گیا تو قائدیئن کا سیلاب آجائے گا ۔ مگر ناگیندر کی بات الگ ہے ۔ ان کا اپنا امیج ہے ۔ پرسنالیٹی ہے اور بیاک گراؤنڈ ہے اپنے پیچھے کیڈر رکھنے والا قائد ہے ۔ اس لئے ان کے بارے میں غور کیا جائے گا ۔ ٹی آر ایس میں بی سی طبقہ کو کافی اہمیت دی جارہی ہے ۔ مقابلہ کرنے کے اہل نہ رہنے والے بی سی قائدین کو ارکان قانون ساز کونسل اور راجیہ سبھا کے ارکان نامزد کرتے ہوئے پارٹی ان سے مکمل انصاف کر رہی ہے ۔ جاناریڈی کی قیام گاہ میں اجلاس منعقد کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ کانگریس میں وہ سب سے بڑے بی سی قائد ہیں ۔ اگر بی سی طبقات سے ناانصافی ہو رہی ہے تو وہ سب سے پہلے آواز اٹھائیں گے ۔ انہیں اطلاع ملی ہے کہ ڈی ناگیندر نے کانگریس سے استعفی دیا ہے ۔ انہیں کل صبح تک بھی منانے کی کوشش کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کا کوئی بھی قائد استعفی دے تو تھوڑا بہت پارٹی کو نقصان ہوگا ۔ اس کے علاوہ پارٹی کے دوسرے قائدین کو پارٹی میں بنائے رکھنے کیلئے ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی ۔