کانگریس سے منحرف ارکان اسمبلی کی رکنیت منسوخ کرنے کا مطالبہ

ڈاکٹر جے گیتا ریڈی کی اسپیکر اسمبلی مدھو سدن چاری سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کی سینئیر رکن اسمبلی سابق وزیر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی نے کانگریس کے ارکان اسمبلی سی رام موہن ریڈی اور پی اجئے کمار کی سیاسی وفاداریاں تبدیل کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شامل ہونے پر اسپیکر اسمبلی مسٹر مدھو سدن چاری سے ملاقات کرتے ہوئے ان دونوں ارکان اسمبلی کی رکنیت منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ کانگریس کے بشمول دوسری جماعتوں کی جانب سے سیاسی انحراف کرنے والے ارکان اسمبلی کو اسپیکر سے شکایت کی گئی ہے مگر مدھو سدن چاری خاموشی اختیار کرتے ہوئے انحراف کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں ۔ ڈاکٹر جے گیتا ریڈی نے کہا کہ اعلیٰ عہدے پر فائز ہونے والے چیف منسٹر کو زیب نہیں دیتا کہ وہ دوسری جماعتوں کے منتخب عوامی نمائندوں کو انحراف کی ترغیب دیں ۔ کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر سمپت کمار نے کہا کہ ریاست میں سیاسی انحراف کو فوقیت دیتے ہوئے جمہوری نظام کی دھجیاں اڑائی جارہی ہے ۔ شرمندہ ہونے کے بجائے چیف منسٹر کے سی آر انحراف کی مدافعت کررہے ہیں اور حکومت کے ترقیاتی اقدامات سے متاثر ہو کر ٹی ار ایس میں شامل ہونے کا دعویٰ کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کی کارکردگی مایوس کن ہے ۔ تمام محاذوں پر حکومت ناکام ہوچکی ہے حکومت کی غلطیوں اور کمزوریوں پر پردہ ڈالنے کے لیے کبھی سیاسی انحراف کو ترغیب دی جارہی تو کبھی نئے اضلاع کی تشکیل کا تنازعہ چھیڑتے ہوئے ریاست کے عوام کو کسی نہ کسی مسئلہ پر الجھائے رکھا جارہا ہے ۔۔