نومنتخب سیما۔ آندھرا صدر پی سی سی رگھوویرا ریڈی کا بیان، سونیا اور راہول سے اظہار تشکر
حیدرآباد /13 مارچ (سیاست نیوز) نومنتخب آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی (سیما۔ آندھرا) این رگھوویرا ریڈی نے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پردیش کانگریس کی صدارت کوئی عہدہ نہیں ہے، بلکہ ذمہ داری ہے۔ آج حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تمام جماعتوں نے ابتدا میں تلنگانہ کی تائید کی تھی، جب کہ سب سے آخر میں کانگریس نے فیصلہ کیا ، اس پر صرف کانگریس کو قصوروار ٹھہرانے مناسب نہیں ہے۔ برسوں کانگریس سے فائدہ اٹھانے والے قائدین کا ریاست کی تقسیم کو بہانہ بناکر دوسری پارٹیوں میں شامل ہونا غیر اخلاقی فیصلہ ہے۔ انھوں نے کانگریس سے مستعفی ہونے والے قائدین کو اپنے فیصلہ پر ازسرنو غور کرنے اور دوبارہ کانگریس میں شامل ہونے کا مشورہ دیا۔ انھوں نے آندھرا پردیش کانگریس کی صدارت کو کانٹوں کا تاج قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ 25 سال سے کانگریس میں ہیں اور کئی عہدوں پر خدمات بھی انجام دے چکے ہیں، تاہم اب کانگریس کو سنبھالنا ان کی ذمہ داری ہے۔
انھوں نے کہا کہ وہ سیما۔ آندھرا میں کانگریس کے استحکام کے لئے جدوجہد کریں گے اور پارٹی کے تمام قائدین کی تائید سے کام کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس ہائی کمان نے ان کو جو ذمہ داری سونپی ہے، اسے بخوبی نبھائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس ہی سیما۔ آندھرا کو ترقی دے سکتی ہے، کیونکہ گزشتہ دس سال میں کانگریس نے ریاست کی ترقی اور غریب عوام کے لئے بہت سارے فلاحی کام انجام دیئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ چند قائدین سیاسی مفاد کے لئے پارٹی چھوڑ رہے ہیں، تاہم کانگریس کا مضبوط کیڈر پارٹی کے ساتھ ہے۔ علاوہ ازیں 120 سالہ تاریخ رکھنے والی کانگریس پر عوام کو بھروسہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ عام انتخابات کے لئے کانگریس طاقتور امیدواروں کا انتخاب کرے گی اور بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔