حیدرآباد ۔ /24 فبروری (سیاست نیوز) کلواکرتی کے کانگریس رکن اسمبلی ڈاکٹر ومشی چندر ریڈی نے پارٹی سے علحدگی اختیار کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شامل ہونے کی اطلاعات کو مسترد کردیا ۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان افواہوں کی تردید کی کہ وہ /25 فبروری کو ٹی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں ۔ ومشی چندر ریڈی نے کہا کہ ان کا تعلق شروع سے کانگریس پارٹی سے رہا ہے اور وہ تاحیات وابستگی برقرار رکھیں گے ۔ صرف موت ہی انہیں کانگریس سے دور کرسکتی ہے ۔ واضح رہے کہ میڈیا کے ایک گوشہ میںیہ خبر نمایاں طور پر شائع کی گئی کہ ومشی چندر ریڈی کانگریس سے علحدگی اختیار کرکے ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور ریاستی حکومت ترقی کے بجائے اس طرح کی افواہیں پھیلا رہی ہے ۔