حیدرآباد /5 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج آندھرا پردیش کانگریس امور ڈگ وجے سنگھ نے کہا کہ سربراہ ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ نے ہی اپنی پارٹی کو کانگریس میں ضم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ کل شام انھوں نے دہلی میں دستیاب تلنگانہ کے کانگریس ارکان پارلیمنٹ کو طلب کرتے ہوئے ٹی آر ایس پر تنقید کے معاملے میں احتیاط برتنے اور صبر و تحمل کے مظاہرہ کا مشورہ دیا۔ اسی دوران تلنگانہ کے سینئر قائدین کے جانا ریڈی اور محمد علی شبیر نے ڈگ وجے سنگھ سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے تازہ سیاسی صورت حال سے واقف کرایا۔ تاہم آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ ہم نے کبھی ٹی آر ایس کو کانگریس میں ضم کرنے کی شرط نہیں رکھی، جب کہ سربراہ ٹی آر ایس نے خود ہی علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے پر اپنی پارٹی کو کانگریس میں ضم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ہم نے اپنا وعدہ پورا کردیا ہے، اب ٹی آر ایس کو کانگریس میں ضم کرنا یا نہ کرنا کے سی آر کی مرضی پر منحصر ہے، تاہم کانگریس پارٹی سے اتحاد کا جائزہ لینے کے لئے ٹی آر ایس کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے کسی بھی فیصلہ کا کانگریس پر کوئی اثر ہونے والا نہیں ہے، لہذا ٹی آر ایس کے فیصلہ پر وہ کسی ردعمل کا اظہار مناسب نہیں سمجھتے۔ انھوں نے کہا کہ بہت جلد دونوں علاقوں کے لئے علحدہ علحدہ پردیش کانگریس کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔