کانگریس سیکولر نظریات اور سماجی انصاف پر ایقان رکھنے والی پارٹی

پارٹی کے انتخابی منشور سازی میں آل انڈیا پروفیشنلس کانگریس کا اہم رول رہے گا : ڈاکٹر جے گیتاریڈی
حیدرآباد ۔ 23 جون (سیاست نیوز) ساؤتھ انڈیا کوآرڈینیٹر آل انڈیا پروفیشنلس کانگریس ڈاکٹر جے گیتاریڈی نے کہا کہ کانگریس سیکولر نظریات اور سماجی انصاف پر ایقان رکھنے والی جماعت ہے۔ پارٹی کے انتخابی منشور کی تیاری میں آل انڈیا پروفیشنلس کانگریس کا اہم رول رہے گا۔ آج فیاپسی میں منعقدہ آل انڈیا پروفیشنلس کانگریس چاپٹر 3 کے منعقدہ سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی پدماوتی ریڈی تلنگانہ چاپٹر کے صدر ڈی شرون، کانگریس کے سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی، سعید احمد امیرالدین، چاپٹر 3 کے صدر عرفان عزیز بھی موجود تھے۔ کانگریس کے قائد فیروز خان اور محمد اشفاق اقبال، عائشہ فرحین کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔ ڈاکٹر گیتا ریڈی نے کہا کہ پروفیشنلس کی کانگریس کیلئے خدمات حاصل کرنے اور ان کی تجاویز اور مشوروں پر عمل کرنے کیلئے صدر کانگریس راہول گاندھی نے ششی تھرور کی قیادت میں آل انڈیا پروفیشنلس کانگریس کا قیام عمل میں لایا ہے۔ اے آئی پی سی کی جانب سے پیش کردہ 5 پوائنٹس کو کرناٹک کانگریس کے انتخابی منشور میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے پروفیشنلس کو پالیسی میکر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ تبدیلیاں لانے میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ گیتاریڈی نے آئندہ ماہ تمام چاپٹرس کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کا اعلان کیا۔ عرفان عزیز اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کی ستائش کی۔ ایم ششی دھر ریڈی نے کلیدی خطبہ دیتے ہوئے ہندوستان کو تیزی سے ترقی کرنے والا ملک قرار دیا۔ ماحولیات کے تحفظ کے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں ہے۔ آج کل انڈیا کو رام بھروسے چھوڑ دیا گیا ہے۔ کسی بھی ملک کی ترقی میں بنیادی حقوق اور ماحولیات کے تحفظ کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے۔ ڈی نرسمہاریڈی نے کہا کہ ملک میں ہر مذہب، طبقہ اور علاقہ اپنے آپ کو نظرانداز کرنے کی شکایت کررہا ہے۔ 18 لاکھ ایکر اراضی کو سیراب کرانے کیلئے کالیشورم پراجکٹ پر 80 ہزار کروڑ روپئے خرچ کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ سارے ملک میں پائپ لائن سے پینے کا پانی سربراہ کرنے کا ماحول بن گیا ہے مگر تلنگانہ میں پانی کہاں سے لاؤگے یہ سب سے بڑا سوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے پلاسٹک پر امتناع عائد کیا جاتا ہے مگر اس پر کوئی عمل آوری نہیں ہوتی۔ آل انڈیا پروفیشنلس کانگریس چاپٹر 3 کے صدر عرفان عزیز نے اے آئی پی سی کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جس مقصد سے کانگریس پارٹی میں پروفیشنلس کو اہمیت دینے کیلئے اے آئی پی سی تشکیل دی گئی ہے اس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ تمام پروفیشنلس کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتے ہوئے ملک کے تازہ حالات کا جائزہ لیتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔ اس طرح کے اجلاس بار بار منعقد کئے جائیں گے تاکہ عوامی مسائل کو حل کرنے کا ایجنڈہ تیار کرنے میں آسانی ہوسکے۔ آج کا اجلاس کامیاب رہا ہے۔ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں نے مختلف موضوعات پر اپنی رائے اور تجاویز پیش کی ہے، جس کا خیرمقدم کیا جاتا ہے۔ من کی بات بہت سن لئے اب عوام کی بات سننے کا وقت آ گیا ہے۔