چندرائن گٹہ حلقہ اسمبلی کانگریس امیدوار عیسیٰ مصری کا دورہ ، بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل
حیدرآباد ۔ /5 ڈسمبر (سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ سے مہاکوٹمی کے کانگریس امیدوار جناب عیٰسی بن عبید مصری نے کہا کہ ملک و ریاست سے فرقہ پرستی کے خاتمہ اور خوشحال عوامی زندگی کو یقینی بنانے کے لئے انہوں نے سیاست میں قدم رکھا ہے اور کانگریس جیسی سیکولر جماعت سے وابستہ ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چندرائن گٹہ حلقہ کے ہر گھر میں خوشحالی ، ہر نوجوان کے ہاتھ میں روزگار ، برائی اور سود سے پاک سماج کی تعمیر کرتے ہوئے حلقہ کو مثالی حلقہ بنائیں گے ۔ انہوں نے مسلم نوجوانوں سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ اللہ کو ناراض کرنے والا عمل نہ کریں جن میں بوگس رائے دہی بھی ایک عمل ہے جو کہ قانونی کارروائی کا سبب بنتا ہے ۔ قوم و ملت کی دہائی دینے والوں کی جعلسازی کا شکار نہ ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کے بعد حلقہ میں عوامی خدمت کے لئے ہر ڈیویژن میں آفس اور خصوصی خدمت خلق کی ٹیموں کو مقرر کیا جائے گا اور 24 گھنٹے عوامی خدمت کے لئے خود کو دستیاب رکھتے ہوئے ٹال فری نمبر اور آن لائین خدمات بھی فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹے تین شفٹوں میں خدمت خلق کی ٹیمیں متحرک رہیں گی ۔ جناب عیٰسی مصری نے کہا کہ حلقہ کی حالت زار اور عوام کی زندگی انتہائی افسوسناک ہے ۔ کئی علاقوں میں بنیادی سہولیات تک دستیاب نہیں ۔ کہیں سڑکیں نہیں تو کہیں پینے کا پانی تک دستیاب نہیں ۔ اسٹریٹ لائیٹ ڈرینیج سسٹم اس طرح عوامی خدمات پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ انسانی صحت سے جڑے ہوئے سنگین مسائل کو بھی نظرانداز کرتے ہوئے لاپرواہی کی بدترین مثال کو حلقہ چندرائن گٹہ میں دیکھا جاسکتا ہے اور ستم ظریفی یہ کہ عزت اور مقام بخشنے کا ذریعہ بننے والی عوام جو مسائل میں گھیرے ہوئے ہیں انہوں نے آج تک اپنے رکن اسمبلی کو اپنی گلیوں میں نہیں دیکھا ۔ انہوں نے عوام کو مثالی خدمات کا یقین دلایا اور کہا کہ ہر گلی اور بستی میں دواخانہ اور فٹنس سنٹرز قائم کئے جائیں گے ۔