حیدرآباد ۔ 27 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : سیما آندھرا کے کانگریس وزراء اور ارکان اسمبلی کی تلگو دیشم میں شمولیت کا بڑے پیمانے پر سلسلہ شروع ہوچکا ہے ۔ آج کانگریس رکن اسمبلی مسٹر اے پربھاکر ریڈی نے آج صدر تلگو دیشم چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی اور تلگو دیشم میں شمولیت اختیار کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر نائیڈو نے انہیں تلگو دیشم میں شامل ہونے کی اجازت دے دی ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق سیما آندھرا میں تلگو دیشم کے پرجاگرجنا پروگرامس کا سلسلہ جاری ہے اور 2 مارچ کو نیلور میں تلگو دیشم کے زیر اہتمام پرجاگرجنا پروگرام ہونے والا ہے
اور اس موقع پر نہ صرف مسٹر اے پربھاکر ریڈی بلکہ دیگر اہم قائدین کانگریس بھی تلگو دیشم میں شمولیت اختیار کرلیں گے ۔ پربھاکر ریڈی کی صدر تلگو دیشم سے آج ملاقات کے دوران تفصیلی بات چیت ہوئی اور پرجا گرجنا پروگرام کو قطعیت دی گئی ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مسٹر اے پربھاکر ریڈی 2004 انتخابات سے قبل تک تلگو دیشم پارٹی سے وابستہ رہے پھر ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی سے ملاقات کر کے کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی ۔