حیدرآباد 10 مارچ ( پی ٹی آئی ) کانگریس کے دو ارکان اسمبلی اور ایک سابق رکن نے تلگودیشم میںشمولیت اختیار کرلی ۔ سینئر رکن اسمبلی و سابق وزیر شلپی موہن ریڈی ‘ ایل وینکٹ سوامی اور سابق رکن اسمبلی چلہ رام کرنا ریڈی نے تلگودیشم میں شمولیت اختیار کرلی ۔ ان کا تعلق کرنول سے ہے ۔ صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو نے ان کا تلگودیشم میں خیر مقدم کیا ۔ اس سے قبل سابق وزرا ٹی جی وینکٹیش و ای پرتاپ ریڈی نے بھی تلگودیشم میں شمولیت اختیار کرلی تھی ۔ ان کا تعلق بھی کرنول سے ہے ۔
ساحلی آندھرا اور رائلسیما کے کانگریس ارکان اسمبلی پارٹی سے ترک تعلق کرتے ہوئے تلگودیشم میں شامل ہوتے جا رہے ہیں اور وہ چندرا بابو نائیڈو کی قیادت پر کامل یقین ظاہر کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ تقسیم ریاست کے بعد اب آندھرا و رائلسیما کو مسٹر نائیڈو ہی ترقی دلاسکتے ہیں۔ ایک اور سینئر کانگریس لیڈر و سابق وزیر مسٹر جے سی دیواکر ریڈی بھی تلگودیشم میں شامل ہونے والے ہیں۔ سابق وزیر جی سرینواس راؤ اور کانگریس کے چار دوسرے ارکان اسمبلی بھی وشاکھاپٹنم میں 12 مارچ کو ہونے والے جلسہ میں تلگودیشم میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں۔