وزیراعظم نریندر مودی کی کرناٹک میں انتخابی مہم ، چتر درگ ، رائچور اور ہبلی میں انتخابی جلسوں سے خطاب
چتردرگ / رائچور / ہبلی / (کرناٹک) /6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس پر مزید تنقیدیں کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج اسے ’’ڈوغلی پارٹی‘‘ قرار دیا اور کہا کہ اسے پورے ملک سے جڑ سے اکھاڑا جارہا ہے اور کہا کہ کوئی بھی اسے بچانہیں سکتا ۔ کرناٹک انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پرزور آواز میں کہا کہ وہ کانگریس پر ’’تاریخ مسخ کرنے‘‘ کا بھی الزام عائد کرتے ہیں ۔ اس نے سماج کے تکڑے تکڑے کرنے کی سازش کے ایک حصے کے تحت ایسا کیا تھا ۔ وہ مسلسل چتردرگ ، رائچور ، جام کھنڈی اور ہبلی (شمالی کرناٹک) میں انتخابی جلسوں سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ بی جے پی کے چیف منسٹری کے امیدوار ڈی ایس یدی یورپا پر بے بنیاد الزامات عائد کررہی ہے ۔ مودی نے یاد دہانی کی کہ نیشنل ہیرالڈ مقدمہ میں ماں اور بیٹا اسکام کے الزامات کا سامنا کررہے ہیں اور ضمانت پر رہا ہیں ۔ جس پارٹی کے صدر ضمانت پر رہا ہوں وہی ہم پر اعتراض کررہے ہیں ۔ انہوں نے بالواسطہ طور پر یدی یورپا کے عدالتوں کا سامنا کرنے کا حوالہ دیا ۔ چتردرگ میں مودی نے کانگریس حکومت پر بادشاہوں کی سالگرہ تقریب منانے کا الزام عائد کیا ۔
مودی نے کانگریس پر بدعنوان افراد کی تائید کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ایجنڈے میں پھوٹ ڈالو اور حکومت کرو کی پالیسی پر اور جھوٹے وعدے کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب کانگریس کو کوئی نہیں بچاسکتا ۔ انہوں نے 70 سال تک لوگوں کو گمراہ کیا اور انہیں بے وقوف بنایا ہے ۔ مودی نے اپنی انتخابی مہم کے دوران پورے کرناٹک میں کانگریس پر تنقید کا سلسلہ جاری رکھا اور کہا کہ جو پارٹی ان پر انحصار کررہی ہے /12 مئی کے ریاستی انتخابات میں یقیناً کامیاب ہوگی جبکہ /15 مئی کو انتخابی نتائج کا اعلان ہوگا ۔ چتردرگ کے انتخابی جلسے میں انہوں نے کانگریس پارٹی کو جو کبھی بھی عوام کا دل نہیں رہی اور نہ دلت حامی رہی ہے ، سودے باز پارٹی قرار دیا اور کہا کہ کانگریس کی ووٹ بینک سیاست اب لڑکھڑا رہی ہے ۔ وہ گمراہ کررہے ہیں اور جھوٹ بول رہے ہیں ۔ انہوں نے دلتوں سے کانگریس سے خبردار ہونے کی اپیل کی ۔ جام کھنڈی میں مودی نے کہا کہ رامناتھ کو صدر بنے ایک سال ہوچکا ہے وہ ایک قریب ماں کے بیٹے اور دیہات کے متوطن ہیں لیکن آج دلتوں کے نمائندے بنے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی پوری طاقت سے ٹیپو جینتی منانے کی مخالفت کرتی ہے ۔