کانگریس ’’داستانِ ماضی‘‘ عوام کو اعتماد نہ کرنے کا مشورہ

وزیراعظم نریندر مودی کا پنجاب کے شہر جالندھر میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب ،

جالندھر ۔ /27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس پر سخت تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ یہ پارٹی سیاسی موقع پرستی اور اپنے مفادات حاصل کرنے کی لالچ کی وجہ سے ’’داستانِ ماضی‘‘ بن چکی ہے ۔ جس پر پنجاب کے عوام کو بھروسہ نہیں کرنا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ایک ’’ڈوبتا جہاز‘‘ ہے ۔ یہ کسی کو بھی کسی منزل تک نہیں پہونچا سکتی ۔ انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ستلج ۔ یمنا نہر کے حساس مسئلہ کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ پنجاب تو آبپاشی کیلئے اس نہر کے پانی پر حق حاصل ہے ۔ دریائے سندھ کے بارے میں بھی انہوں نے کہا کہ اس کا فاضل پانی پنجاب اور ہریانہ میں منتقل کیا جاسکتا ہے ۔ اس کے لئے ہم گزشتہ کئی برسوں سے سخت قانونی جنگ کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پانی کی طرح ہے اور اپنی سیاسی ضروریات کے مطابق اپنا رنگ روپ تبدیل کرلیتی ہے ۔ کانگریس کو سیاسی موقع پرست قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں تباہی کی سیاست گزشتہ 70 سال تک کرنے کے بعد ہم نے حکومت کی سیاست کا آغاز کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ مودی ہیں اور بے رحم کارروائیوں کو برداشت نہیں کریں گے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے کرپشن کے خلاف جنگ چھیڑ دی ہے ۔ یہ غیرسیاسی اقدام ہے جس کا مقصد ملک کو کرپشن سے نجات دلانا ہے ۔ لیکن جن افراد نے غیرقانونی دولت جمع کرلی ہے اس کی مخالفت کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے 50 سال تک بائیں بازو کی پارٹیوں کے خلاف جدوجہد کرنے کے بعد ان سے سمجھوتہ کرلیا ہے ۔ سرحد پار گزشتہ سال ستمبر میں فوج کے سرجیکل حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیا آپ نہیں چاہتے کہ ہم ملک کے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیں ۔اعلیٰ مالیتی کرنسی نوٹوں کی تنسیخ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے بعد کرناٹک حکومت کے ایک کانگریسی وزیر کے مکان سے 150 کروڑ روپئے سے زیادہ کالا دھن ضبط کیا گیا ۔