’’کانگریس خود تحریک عدم اعتماد پر سنجیدہ نہیں ‘‘

تعطل کیلئے راہول گاندھی ذمہ دار: مرکزی وزیر اننت کمار
نئی دہلی ،28مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر اننت کمار نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں تعطل کے لئے مسٹر راہل گاندھی کی قیادت والی کانگریس کو ذمہ دار ٹھہرایا اورکہا کہ پارٹی تحریک عدم اعتماد کے تعلق سے سنجیدہ نہیں ہے ۔مسٹر کمار نے یہاں پارلیمنٹ کے احاطہ میں پریس کانفرنس میں مسٹر گاندھی پر راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ انھیں پارلیمنٹ کی کارروائی کی اطلاع نہیں ہے اور انھوں نے پارلیمنٹ کے کام کاج کو کمزورکردیاہے ۔انکے صدر بننے کے بعد سے کانگریس کی افادیت ختم ہوگئی ہے اور ساتھ ہی پارلیمنٹ میں بھی کوئی کام کاج نہیں ہورہاہے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ مودی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی کی خواہش ایوان کو چلانے کی ہے ۔حکومت عدم اعتماد کی تحریک سمیت سبھی موضوع پر بحث کیلئے تیار ہے لیکن پارلیمنٹ میں کام کاج کو اگرکوئی روک رہاہے تو وہ کانگریس ہے ۔انھوں نے کہا کہ اے آئی اے ڈی ایم کے اور تلنگانہ راشٹر سمیتی کے ارکان 5مارچ سے ہی اسپیکر کی نشست کے پاس جاکر اپنی مانگیں اٹھارہے ہیں ۔اس کا تحریک عدم اعتماد سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔