حلقہ اسمبلی مشیر آباد میں کانگریس کی گھر گھر انتخابی مہم ، انجن کمار یادو کا عوام سے خطاب
حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : صدر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی و سابق رکن پارلیمنٹ ایم انجن کمار یادو نے آج اسمبلی حلقہ مشیر آباد کے مختلف علاقوں میں گھر گھر کانگریس پروگرام کے تحت پدیاترا کا اہتمام کیا ۔ کانگریس کی حکومت تشکیل پانے کے بعد عوامی مسائل کو حل کرانے کا وعدہ کیا ۔ اس پدیاترا میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری ایس کے افضل الدین سکریٹری شکیل خاں جوائنٹ سکریٹری اعجاز الزماں سابق ڈپٹی مئیر راجکمار سابق کارپوریٹرس ایس محمد واجد حسین ، کلپنا یادو ، کانگریس کے دیگر قائدین کے آر کے پرساد ، ست نارائن ، ابراہیم پٹیل ، مسرت بیگم ، ہیرت کور ، محمد ذاکر ، ٹی رحیم الدین کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ جواہر نگر ، چارمینار چوراستہ ، لیبر آفس لائن ، گاندھی نگر ، اشوک نگر ، ارندھتی نگر ، سابرمتی نگر کا دورہ کرتے ہوئے انجن کمار یادو نے عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ مقامی عوام نے انہیں اپنے مسائل سے واقف کرایا ۔ جس پر انہوں نے اسمبلی حلقہ مشیر آباد سے کانگریس کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کانگریس کی حکومت تشکیل پائے گی اور تمام مسائل کو حل کیا جائے گا ۔ انجن کمار یادو نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت شہر حیدرآباد کو ترقی دینے بنیادی مسائل کو حل کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ۔ شہر حیدرآباد سے کابینہ میں 4 وزراء شامل ہیں ۔ مگر وزراء حیدرآباد کو ترقی دینے اور عوامی مسائل کو حل کرانے میں پوری طرح ناکام ثابت ہوئے ہیں ۔ اسمبلی حلقہ مشیر آباد کی تلنگانہ بی جے پی کے صدر ڈاکٹر لکشمن نمائندگی کرتے ہیں جنہوں نے بھی عوام کے بھروسے پر کھرے اترنے میں ناکام ہوگئے ۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی کو شکست دینے پر ہی ریاست تلنگانہ اور اسمبلی حلقہ مشیر آباد کی ترقی ہوگی ۔ یہ دونوں جماعتیں ملک اور ریاست کو ترقی دینے کے بجائے پسماندگی کا شکار بنادیا ہے ۔ ریاست اور ملک میں جمہوری ادارے آزادانہ کام کرنے سے محروم ہوگئے ہیں ۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومتیں دستوری اداروں کے کام کاج میں مداخلت کرتے ہوئے ان کی اہمیت کو گھٹانے کی کوشش کی ہے ۔ ایسی حکومتوں کا مزید اقتدار پر برقرار رہنا دستور کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے ۔ لہذا وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی دونوں کو سبق سکھائے اور کانگریس کو کامیاب بنائیں ۔۔