حیدرآباد ۔ 8 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہا کہ کانگریس پارٹی 15 لوک سبھا اور 80 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے نئی ریاست میں پہلی حکومت تشکیل دے گی ۔ شہیداں تلنگانہ کے پاس کانگریس امیدواروں کو حلف دلانے کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے وعدے کے مطابق سیما آندھرا میں پارٹی کے نقصان کو برداشت کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی ہے ۔ تلنگانہ کے عوام صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کے لیے علاقہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے اقتدار حوالے کریں ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے والی کانگریس پارٹی ہی تلنگانہ کو ترقی دے گی ۔ تلگو دیشم نے فرقہ پرست بی جے پی سے اتحاد کرتے ہوئے اقلیتوں اور مسلمانوں کو دھوکہ دیا ہے ۔ ٹی آر ایس نے وعدہ خلافی کی ہے ۔ کانگریس پارٹی ہی سیکولر جماعت ہے جو سماج کے تمام طبقات سے انصاف کرسکتی ہے ۔ کانگریس کے 10 سالہ دور حکومت میں ریاست کی ترقی اور غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جو اقدامات کئے گئے ہیں اس کی ملک بھر میں مثال نہیں ملتی ۔ انہوں نے ٹکٹوں کی تقسیم میں سماج کے تمام طبقات سے انصاف کا دعویٰ کیا اور کہا کہ پارٹی نے تلنگانہ کی تحریک میں شامل رہنے والے تمام تنظیموں اور قائدین کو تلنگانہ کی ترقی میں شامل کرنے کیلئے ٹکٹ دیا ہے ۔ اقلیتوں اور دیگر طبقات کی جانب سے ٹکٹ نہ دینے پر احتجاج کے تعلق سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی پر عوام کو بہت زیادہ امیدیں ہے اس لیے ٹکٹ کے دعویداروں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ مگر انہیں یقین ہے تمام احتجاجی پارٹی کی مجبوریوں کو سمجھ جائیں گے اور کانگریس پارٹی کی کامیابی کے لیے کام کریں گے پارٹی ان کی خدمات سے ضرور استفادہ کرے گی ۔۔