کانگریس ’’جھوٹ کی خالق‘‘ اس کا نظریہ انتشار

وزیراعظم نریندر مودی کی اپوزیشن پر سخت تنقید ، آنند میں انتخابی جلسہ سے خطا ب
آنند ۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج اپوزیشن پارٹی کانگریس پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کا نظریہ صرف طبقات کا ’’انتشار‘‘ ہے اور الزام عائد کیا کہ صدر کانگریس راہول گاندھی تمام دیگر پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو ’’چور‘‘ قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ہمیشہ ایک ناقص نظام پر عمل پیرا رہی ہے اور ان کے خلاف ’’جھوٹ‘‘ پھیلاتی رہی ہے اور جب وہ 2014ء میں دہلی منتقل ہوئے تو ان پر ہمیشہ تنقید کرتی رہی ہے۔ اپوزیشن کی کوشش ہمیشہ انہیں اور ملک کو بدنام کرنے کی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس جھوٹ کی خالق ہے اور اس نے وہی کھیل گجرات میں بھی کھیلا ہے۔ جب وہ دہلی منتقل ہوئے تو وہ ان پر مسلسل تنقید کرتے رہے۔ انہوں نے پہلے ایک جھوٹا مضمون تحریر کیا اور اسے کہیں سے شائع کروادیا اس کے بعد انہوں نے اس مضمون کی دنیا بھر میں تشہیر کی اور واٹس اپ پر اسے پھیلایا۔ دوسرے دن ان تمام مسائل کو موضوع بناتے ہوئے ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی۔ جھوٹے مضمون کی بنیاد پر ایک درخواست مفاد عامہ کانگریس کے قانون دانوں نے عوام کی تائید کی آڑ میں عدالت میں پیش کی۔ یہ ان کے طریقہ کار کا ایک حصہ تھا۔ جب ہم نے گجرات میں انتخابات لڑے تو اس نے یہی کھیل دوبارہ کھیلا جو آج تک جاری رہا۔ وہ دن گذر گئے جبکہ وہ دہلی میں ہفتہ میں دو دن یہی کھیل عوام کے ساتھ کھیلا کرتے تھے کیونکہ کانگریس کی تائید کرتے کرتے عوام بیزار ہوچکے ہیں۔