کانگریس تروپتی اسمبلی حلقہ سے ضمنی انتخاب میں مقابلہ کریگی

حیدرآباد 25 جنوری ( پی ٹی آئی ) کانگریس کی جانب سے تروپتی اسمبلی حلقہ کیلئے ضمنی انتخاب میں امیدوار نامزد کیا جائیگا ۔ آندھرا پردیش کانگریس کے صدر این رگھو ویرا ریڈی نے کہا کہ تلگودیشم حکومت نے خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کے قرض معاف کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن وہ اس وعدہ کی تکمیل سے گریز کر رہی ہے ۔ تروپتی ضمنی انتخاب کے ذریعہ ہم حکومت پر اس وعدہ کی تکمیل کیلئے دباؤ ڈالیں گے ۔ آندھرا میں اصل اپوزیشن جماعت وائی ایس آر کانگریس نے اشارہ دیا ہے کہ وہ تروپتی کا ضمنی انتخاب نہیں لڑیگی کیونکہ کسی متوفی رکن اسمبلی کے افراد خاندان کے خلاف مقابلہ نہ کرنے کی روایت ہے ۔ تروپتی رکن اسمبلی تلگودیشم ایم وینکٹ رمنا کے انتقال کی وجہ سے یہاں ضمنی انتخاب منعقد کیا جا رہا ہے ۔