پارٹی قائدین کے الزامات پر عوام کو یقین نہیں ‘ ایم پی ونود
حیدرآباد 25 فبروری ( این ایس ایس ) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ ونود کمار نے آج کانگریس قائدین پر ریاستی میں آبپاشی پراجیکٹس کی مخالفت کرتے ہوئے ترقی کو سبوتاج کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔ تلنگانہ بھون میںمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ نے الزام عائدکیا کہ کانگریس نے تہئیہ کرلیا ہے کہ وہ ریاستی حکومت کو ریاست میں فلاح و بہبود اور ترقیات کے کام کرنے کا موقع نہیں دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سری سیلم پراجیکٹ کی وجہ سے جو لوگ بے گھر ہوئے ہیں ان کیمسائل ہنوز باقی ہیں۔ رکن پارلیمنٹ نے ادعا کیا کہ عوام کانگریس قائدین کے الزامات پر یقین نہیں کرینگے اور حکومت مارکٹ قیمتوں سے ادائیگی کرنے کے بعد ہی پراجیکٹس کیلئے زمینات حاصل کر رہی ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ ریاستی حکومت نے شیڈول کے مطابق ہی بھکتا رام داس پراجیکٹ کا کام مکمل کرلیا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاست میں ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے جوترقیاتی کام کئے جا رہے ہیں ان کو کانگریس پارٹی ہضم نہیں کر پا رہی ہے ۔ انہوں نے ریاستی حکومت کے ترقیاتی اور فلاحی کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ ریاست کی تقسیم کے بعد ریاست کو اسٹاف کی قلت کا مسئلہ درپیش تھا اس کے باوجود حکومت 24 گھنٹے مسلسل برقی سربراہی کیلئے سخت جدوجہد کر رہی ہے ۔