کانگریس برسراقتدار آنے پر جی ایس ٹی میں تبدیلی

رافیل سودے پر اعتراض کرنے والے عہدیدار حکومت کا نشانہ : راہول گاندھی

چتراکوٹ (مدھیہ پردیش)۔ 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہا کہ جی ایس ٹی کی اشیاء پر شرحوں میں کمی کی جائے گی، مگر کانگریس برسراقتدار آجائے وہ مدھیہ پردیش میں مختلف مقامات پر انتخابی جلسوں سے خطاب کے دوران یہ تیقن دے رہے تھے۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی پر رافیل لڑاکا طیاروں کے سودے کے سلسلے میں تنقید کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ایسے سرکاری عہدیدار جنہوں نے رافیل سودے پر اعتراض کیا تھا ، حکومت کی جانب سے نشانہ بنائے جارہے ہیں۔ انہوں نے نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب کہا کہ مودی حکومت ،وزارت دفاع کے سرکاری عہدیداروں کو تنقید کا نشانہ بنارہی ہے، کیونکہ انہوں نے ماضی میں رافیل سودے پر اعتراض کیا تھا۔ صدر فرانس فرینکوئی اولاند کے بیان کے بعد صورتحال مکمل طور پر تبدیل ہوچکی ہے، کیونکہ وہ فرانس کے سابق صدر ہیں اور انہوں نے اس بات کی توثیق کردی ہے کہ حکومت ہند نے انیل امبانی کو اپنا نمائندہ مقرر کیا تھا۔ ستنا سے موصولہ اطلاع کے بموجب صدر کانگریس راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے اُن پر ملک کے عوام کو دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا اور کہاکہ اُنھوں نے خود کو ملک کا چوکیدار ظاہر کیا تھا جبکہ درحقیقت وہ چور ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مودی نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ملک کے مفادات کے محافظ ہیں لیکن وہ درحقیقت انیل امبانی اور وجئے مالیا کے چوکیدار ثابت ہوئے۔ راہول گاندھی اپنی انتخابی مہم کے پہلے دن ستنا میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے اپنا ریاست کا دورہ شہرہ آفاق کامٹا ناتھ مندر میں پوجا کے ذریعہ شروع کیا۔ انیل امبانی پہلے ہی سے راہول گاندھی کے اِن الزامات کو مسترد کرچکے ہیں اور کہا ہے کہ حکومت کا رافیل سودے میں کوئی کردار نہیں ہے۔ وزیراعظم دیڑھ گھنٹے تک پارلیمنٹ میں تقریر کرچکے ہیں لیکن اُنھوں نے رافیل مسئلہ کا ذکر تک نہیں کیا۔ راہول گاندھی نے قبل ازیں چترکوٹ میں تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کانگریس مرکز میں برسر اقتدار آجائے تو وہ گڈس اینڈ سرویس ٹیکس (جی ایس ٹی) کے دفعات میں تبدیلی لائیں گے اور زیادہ اشیاء کو اِس ٹیکس سے مستثنیٰ کی فہرست میں شامل کریں گے۔