کئی قائدین ’’ بیل ‘‘ پر رہا ، سرجیکل حملوں کیلئے فوج کی صلاحیت پر سوال اُٹھانا ’گناہ‘ کے مترادف‘
جئے پور۔ 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے کانگریس کو آج سخت تنقید اور طنز کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس اپوزیشن پارٹی کو اب ’بیل گاڑی‘ کہا جاسکتا ہے کیونکہ اس کے کئی قائدین بیل (ضمانت) پر (جیلوں سے) باہر ہیں۔ وزیراعظم مودی نے یہاں ایک ریالی سے خطاب کے دوران ہندی زبان میں بیل گاڑی کی اصطلاح استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ’’کانگریس کے کئی سرکردہ قائدین اور سابق وزراء ان دنوں ’بیل‘(ضمانت) پر باہر ہیں۔ انہوں نے کانگریس کو ’بیل گاڑی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام ان کے ارادوں سے اچھی طرح واقف ہیں۔ 2016ء کے دوران پاکستانی مقبوضہ کشمیر پر کئے گئے سرجیکل حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کانگریس پر فوج کی صلاحیتوں پر سوال اُٹھائے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ بڑی بدبختی کی بات ہے کہ مخالفین نے فوج کی صلاحیتوں پر سوال اُٹھاتے ہوئے ’گناہ‘ کا ارتکاب کیا ہے۔ اس سے پہلے ایسا کبھی نہیں ہوا۔ اس قسم کی سیاست کرنے والوں کو عوام کبھی معاف نہیں کریں گے‘‘۔ مودی راجستھان میں جہاں اس سال کے اواخر میں اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے، بی جے پی کی ریاستی حکومت اور مرکز کی مختلف فلاحی اسکیمات کے استفادہ کنندگان کی ریالی سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے ریالی کے مقام اَمرودوں کا باغ سے ریموٹ کنٹرول کے ذریعہ ریاست کے مختلف اضلاع میں 2,100 کروڑ روپئے مالیتی 13 پراجیکٹوں کیلئے سنگ بنیاد رکھا۔