کانگریس ایم ایل سی کے ستیہ نارائنا کی بی جے پی میں شمولیت

دہلی میں صدر بی جے پی امیت شاہ سے ملاقات، اے پی میں پارٹی کو مستحکم کرنے کا عزم
حیدرآباد /5 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل کے ستیہ نارائنا نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے آندھرا پردیش کانگریس کو ایک اور جھٹکا دیا۔ وہ کانگریس کے سینئر قائدین میں شمار ہوتے تھے، برسوں انھوں نے پارٹی سے اپنی وابستگی برقرار رکھی اور کانگریس تادیبی کمیٹی کے صدر نشین کی حیثیت سے خدمات بھی انجام دیں۔ انھوں نے ریاست کی تقسیم کے خلاف احتجاج میں حصہ لیا تھا، لیکن جب عام انتخابات میں آندھرا پردیش میں کانگریس کا صفایا ہو گیا تو 9 ماہ تک خاموش رہنے کے بعد بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ ذرائع کے بموجب ستیہ نارائنا نے آندھرا پردیش بی جے پی کے صدر و رکن پارلیمنٹ ہری بابو کے ساتھ دہلی پہنچ کر بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ سے ملاقات کرتے ہوئے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس دوران امیت شاہ نے انھیں آندھرا پردیش میں بی جے پی کو مستحکم کرنے میں اہم رول ادا کرنے کا مشورہ دیا۔