ورنگل میں ٹی آرایس کی رکنیت سازی مہم، کے سری ہری کا خطاب
حیدرآباد۔/8فبروری، ( این ایس ایس ) تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر کے سری ہری نے آج کانگریس قائدین اور چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابونائیڈو پر شدیدتنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت تلنگانہ کے کاموں میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ ضلع ورنگل میں منعقدہ ٹی آر ایس کی رکنیت سازی پروگرام کے دوران کے سری ہری نے ریبان عینک اور کوٹ پہن کر پدیاترا منعقد کرنے پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پنالہ لکشمیا پر تنقید کی۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس کی یاترا بے فیض ہے اور عوام قائدین سے دور ہیں۔انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ لکشمیا نے مبینہ طور پر اس وقت کے چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی اور کنٹراکٹرس کیلئے ایک بروکر کا کام کیا۔ تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر نے چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت تلنگانہ کے راستے میں آکر اس کے کاموں میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں۔ کے سری ہری نے کہا کہ انہوں نے چندرا بابو نائیڈو کی کابینہ میں کام کیا ہے جو سیاسی فائدہ کیلئے کام کرنے کیلئے جانے جاتے ہیں اور اب وہ کے سی آر کابینہ میں ہیں جو عوام کے تئیں ہمدردی کا جذبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے ٹی آر ایس کے کارکنوں اور قائدین پر زور دیا کہ عوام کے کاز کیلئے کام کیا جائے جن کے مسائل اہم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نامزد عہدوں کے ساتھ پارٹی ورکرس کو اعزاز دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب پدیاترا ئیں منعقد کرنا غیر ضروری ہے کیونکہ ٹی آر ایس حکومت نے غریبوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے اور سماج کے تمام طبقات کی ترقی کیلئے وعدوں کو پورا کرنے کا تہیہ کررکھا ہے۔