کانگریس اور ٹی آر ایس کے خلاف آزاد امیدواروںکا مقابلہ

حیدرآباد۔2اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ حامی جہدکار وں کو نظر انداز کرنے کا کانگریس ‘ ٹی آر ایس پارٹی پر الزام عائد کرتے ہوئے مختلف مذہبی‘ فلاحی و انقلابی تنظیموں کے ذمہ د اران نے مجوزہ عام انتخابات میں کانگریس اور ٹی آر ایس کے خلاف تلنگانہ حامی جہدکاروں کو آزاد امیدوار بنانے کا اعلان کیا۔ آج پر یس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مہدویہ قومی مومنٹ و کنونیر تلنگانہ اولڈ سٹی جوائنٹ ایکشن کمیٹی شہباز علی خان امجد نے کہاکہ کانگریس اور ٹی آر یس پارٹی اقتدار حاصل کرنے کے لئے تلنگانہ کے حقیقی جہدکاروں کو فراموش کررہی ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر ٹی یو ایف صدر ویملا اکا کی مثال پیش کرتے ہوئے کہاکہ ٹول بوتھ پر حملے کے الزام میں ویملا اکا کو تین ماہ تک جیل میںبند رکھا گیا جبکہ دیگر تلنگانہ حامیوں نے ریل روکو احتجاج کے دوران اپنی گرفتاریاں پیش کی۔

انہوں نے کہاکہ ٹی آر ایس ہو یا کانگریس دونوں ہی سیاسی جماعتوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ویملا اکا کے بشمول دیگر تلنگانہ حامیو ںکو بلا مقابلہ رکن اسمبلی بنائیں ۔ انہوں نے تلنگانہ تحریک میں غیر معروف تنظیموں سے سازباز کے ذریعہ تلنگانہ کے حقیقی جہدکاروں کو نظر انداز کرنے کا بھی ٹی جے اے سی چیرمین پروفیسر کودنڈا رام پر الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کانگریس پارٹی تلنگانہ سے ریڈی طبقہ کو زیادہ نمائندگی دی رہی ہے اس لئے جے اے سی چیرمین کودنڈارام کانگریس کی حمایت میںگلی گلی گھوم رہے ہیں ۔ جناب شہباز علی خان نے کہاکہ کانگریس ہویا ٹی آریس تلنگانہ حامی جہدکار بالخصوص ویملا اکا جیسے تلنگانہ حامیوں کے خدمات کو فراموش کرنے کاکام کرے گی تو ٹی آر ایس اور کانگریس کے خلاف بڑے پیمانے پر مخالف محاذ تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے ویملا اکا کو بلا مقابلہ رکن اسمبلی بنانے کا ریاست کی تمام علاقائی اور قومی جماعتوںسے مطالبہ کیا۔شیخ شاہدہ بیگم‘ خالد رسول خان‘ سریدھردھرما صنم‘ آی آر ملانا‘ ساجد خان‘ کے ناگیشوار رائو‘ جی سدھاکر کے علاوہ دیگر نے بھی ویملا اکا کو بلامقابلہ رکن اسمبلی بنانے کا تلنگانہ کی تمام علاقائی اور قومی سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا۔