کانگریس اور عوامی محاذ کے امیدواروں کے حق میں ووٹ کے استعمال پر زور

مشترکہ منشور میں بے شمار فوائد شامل ، خواجہ خلیل اللہ کانگریس قائد کا بیان
حیدرآباد 6 ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد خواجہ خلیل اللہ نے اسمبلی انتخابات میں کانگریس اور عوامی محاذ کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔ خواجہ خلیل اللہ نے کہاکہ 2004 ء سے 2014 ء تک متحدہ آندھراپردیش میں کانگریس کا سنہرا دور حکومت رہا۔ مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات فراہم کئے گئے جس سے تعلیم اور ملازمتوں میں لاکھوں مسلمانوں کو فائدہ پہونچا۔ اقلیتی بجٹ کو ایک ہزار کروڑ تک پہنچایا گیا۔ فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم اقلیتی طلبہ کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میں معاون مددگار ثابت ہوئی۔ اس مرتبہ بھی کانگریس پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں اقلیتوں کے لئے سب پلان تیار کرنے وقف بورڈ کو جوڈیشیل پاورس دینے اُردو ٹیچرس کے تقررات کے لئے خصوصی ڈی ایس سی کا انعقاد کرنے کا وعدہ کیا۔ لہذا وہ عوام بالخصوص اقلیتی رائے دہندوں سے اپیل کرتے ہیں کہ کانگریس اور عوامی محاذ کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائے اور سنہرے تلنگانہ کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں تعاون کریں۔ علیحدہ تلنگانہ ریاست سونیا گاندھی نے تشکیل دیا۔ تلنگانہ کے عوام کانگریس کو کامیاب بناتے ہوئے سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کریں۔