کانگریس اور دوسروں کیلئے مسلمان صرف ووٹ بینک

سماجی و معاشی ترقی کیلئے کچھ نہیں کیا : نجمہ ہبت اللہ
پٹنہ ۔ 31 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیراقلیتی امور نجمہ ہبت اللہ نے ’’عظیم تر سیکولر اتحاد‘‘ پر مسلمانوں کو ووٹ بینک کے طور پر استعمال کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اس اتحاد میں شامل جماعتوں نے اقلیتوں کو صرف اپنی غرض کیلئے استعمال کیا ہے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور بعض دیگر جماعتیں آر جے ڈی، سماج وادی پارٹی اور جنتادل (یو) نے ہمیشہ مسلمانوں کو ووٹ بینک تصور کیا۔ انہوں نے اقلیتوں کی سماجی و معاشی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ کسی کو بینک تصور کرتے ہیں تو وہاں اپنی دولت جمع کرتے ہیں لیکن مسلمانوں کے معاملہ میں کانگریس اور دیگر جماعتوں نے ایسا نہیں کیا بلکہ الٹا اقلیتوں سے فائدہ حاصل کرنے کوشش کی۔ اس کے برعکس مرکز میں این ڈی اے حکومت نے تمام اقلیتوں کی سماجی، معاشی اور تعلیمی ترقی کیلئے 6 نکاتی ایجنڈہ تیار کیا ہے اور پائلیٹ پراجکٹس کے ذریعہ اس پر عمل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے ملک میں مسلمان مسلسل غیرمحفوظ حالات میں زندگی گذارنے کی تردید کی جیسا نقاد دعویٰ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت نے ’’سب کا ساتھ سب کا وکاس‘‘ ایجنڈہ پر عمل آوری کو یقینی بنایا ہے۔