کانگریس اور تلگو دیشم ارکان اسمبلی پر ترقیاتی پراجکٹس میں رکاوٹ کا الزام

تشکیل اضلاع پر قائدین کے گمراہ کن بیانات سے عوام میں الجھن ، ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/9ستمبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی نے کانگریس اور تلگودیشم قائدین پر سیاسی مقصد براری کیلئے ترقیاتی پراجکٹس میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام عائد کیا۔ ارکان اسمبلی جی بالراجو اور اے وینکٹیشور ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلگودیشم اور کانگریس دور حکومت میں تلنگانہ کے ساتھ شدید ناانصافی کی گئی اور ان پارٹیوں کے تلنگانہ قائدین خاموش تماشائی بنے رہے۔ انہوں نے محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے قائدین کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ محبوب نگر کی پسماندگی کیلئے یہی قائدین ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس اور نئے اضلاع کی تشکیل کے مسئلہ پر یہ قائدین اپنے گمراہ کن بیانات سے عوام میں اُلجھن پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ ترقیاتی اسکیمات میں کون سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے تلگودیشم اور کانگریس قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ موقع پرستانہ سیاست کو ترک کرتے ہوئے ریاست کی ترقی میں خود کو حصہ دار بنائیں۔ بالراجو نے کہا کہ اگر آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل نہیں ہوئی تو عوام اپوزیشن قائدین کو معاف نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم قائدین کو آبپاشی پراجکٹس کے بارے میں بیان دینے کا کوئی حق حاصل نہیں کیونکہ چندرا بابو نائیڈو دور حکومت میں انہوں نے محبوب نگر کیلئے کچھ نہیں کیا۔ تلگودیشم حکومت نے جب محبوب نگر ضلع کو نظرانداز کیا تو یہ قائدین خاموش تماشائی بنے رہے۔ بالراجو نے کہا کہ ٹی آر ایس کے برسر اقتدار آنے کے بعد آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل پر توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے ضلع سے تعلق رکھنے والے ڈی کے ارونا سے سوال کیا کہ بحیثیت وزیر انہوں نے محبوب نگر ضلع کیلئے کوئی کارنامہ انجام دیا ہے تو اس کی وضاحت کریں۔ ٹی آر ایس ارکان اسمبلی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ستائش کی اور کہا کہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کیلئے عظیم تر ویژن کے ساتھ چیف منسٹر آگے بڑھ رہے ہیں۔ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر قائدین کو تعاون کرنا چاہیئے تاکہ تلنگانہ ملک کی ترقی یافتہ ریاستوں میں سرفہرست ہو۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت کی کارکردگی کی ملک بھر میں ستائش کی جارہی ہے اور چیف منسٹر کو ہندوستان کے بہترین نمبر ون چیف منسٹرکا اعزاز حاصل ہوا ہے۔