امراوتی۔/3اپریل، ( پی ٹی آئی) بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے پاکستان میں دہشت گرد کیمپوں پر سرجیکل حملوں کے بارے میں شکوک و شبہات کا اظہار کرنے والی جماعتوں کانگریس اور تلگودیشم پارٹی پر مسلح افواج کے حوصلے پست کرنے کا الزام عائد کیا۔ راجناتھ سنگھ نے ضلع کرشنا کے اوانی گڈہ میں بی جے پی کی انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پلوامہ دہشت گرد حملوں میں سی آر پی ایف کے 40 جوانوں کی ہلاکت کے بعد انڈین ایر فورس پاکستان میں داخل ہوگئی اور دہشت گرد کیمپوں کو سرجیکل حملوں کا نشانہ بنایا۔ ماضی میں کانگریس کی زیر قیادت حکومت نے اس قسم کے دہشت گرد حملوں کے بعد کبھی اس قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی تھی۔