حیدرآباد۔24نومبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں آج سہ پہر تمام بہبودی محکمہ جات کے مطالبات زر پر جاری مباحث کے دوران مداخلت کرتے ہوئے وزیر فینانس مسٹر ایٹالہ راجندر نے کہا کہ سابق میں ایک طویل عرصہ قبل تلنگانہ میں مسلمانوں نے حکومت کی تھی لیکن سابق حکومتیں یعنی کانگریس و تلگودیشم وغیرہ نے مسلمانوں کو صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا جس کی وجہ سے ہی آج مسلمانوں کی حالت بہت ابتر ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں نے نہ صرف مسلمانوں کا استحصال کیا بلکہ ان کی ہزاروں ایکڑ اراضیات پر قبضۃ کرنے پر ہی اپنی نظریں جمائے یہوئے تھے جیسا کہ سابق میںخود تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے مسلمانوں کی اراضیات پر غیر مجاز قبضوں کے پیش آئے واقعات کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کرچکی ہے ۔ مسٹر ای راجندر وزیر فینانس نے انتہائی جذباتی انداز و سخت الفاظ میں کہا کہ سابق حکومتوں نے وقف اراضیات کو اپنی جاگیر سمجھ کر کوڑیوں کے مول میں بڑی بڑی کمپنیوں کو فروخت کردیں ۔ وزیر فینانس مسٹر ایٹالہ راجندرنے ارکان اسمبلی کو اس بات کا تیقن دیا کہ سابق میں جو ہوگیا ہوچکا لیکن ائندہ اس کا اعادہ نہ ہونے کیلئے حکومت اپنی کوشش ضرور کرے گی ۔