شمولیت کے خواہاں قائدین کا خیرمقدم ، وزارت سازی کیلئے کوئی جلد بازی نہیں
حیدرآباد ۔ /29 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا ہے کہ وزارت میں نئے اور پرانے چہرے شامل رہیں گے ۔ کانگریس اور تلگودیشم کے ارکان اسمبلی ٹی آر ایس میں شامل ہونا چاہتے ہیں تو ان کا خیرمقدم کیا جائے گا ۔ اس مرتبہ ڈپٹی چیف منسٹرس بنانے کے امکانات نظر نہیں آرہے ہیں ۔ وزارت کی تشکیل کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی سے زیادہ اس مسئلہ کو لے کر میڈیا میں زیادہ دلچسپی پائی جاتی ہے ۔ بہت جلد وزارت بھی تشکیل دے دی جائے گی ۔ اس مرتبہ ڈپٹی چیف منسٹرس کے عہدے برقرار رہنے کے سوال پر جواب دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ 2014 ء میں پہلی مرتبہ کامیابی کے بعد جو ڈر تھا وہ اب ڈر نہیں رہا ہے ۔ اس لئے وہ وزارت کی تشکیل پر بہت زیادہ سنجیدگی سے غور کررہے ہیں ۔ زراعت ، مارکیٹنگ وغیرہ ایک دوسرے سے ملے ہوئے ہیں ۔ ان کے لئے علحدہ علحدہ وزارتوں کی ضرورت نہیں ہے ۔ گزشتہ میعاد میں تعلیم کے علحدہ علحدہ وزارتوں کے بجائے تعلیم کے تمام قلمدانوں کو ایک پلیٹ فارم پر لایا گیا تھا ۔ اس طرح دوسری وزارتوں کو ایک دوسرے سے ضم کرنے کی تجویز ہے ۔ وہ اس پر حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت دے چکے ہیں ۔ چیف سکریٹری اس پر کام بھی کررہے ہیں ۔ شکست خوردہ وزراء کو دوبارہ کابینہ میں شامل کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ کئی نئے چہرے کامیاب ہوکر آئے ہیں انہیں بھی موقع فراہم کیا جائے گا ۔ ان کی کابینہ میں نئے پرانے چہرے شامل رہیں گے ۔ کونسل میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی کو ٹی آر ایس میں ضم کرنے کے خلاف کانگریس کی جانب سے ہائیکورٹ سے رجوع ہونے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ قانونی نوعیت سے اس کا سامنا کیا جائے گا ۔ دستور اور قانون نے جو گنجائش فراہم کی ہے اس کی حد میں رہ کر کام کیا گیا ہے ۔ کانگریس اور تلگودیشم کے ارکان اسمبلی کو ٹی آر ایس میں شامل کرنے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی شامل ہونے تیار ہے تو ان کے لئے ٹی آر ایس کے دروازے کھلے ہیں ۔ پارلیمانی سکریٹریز کی نامزدگی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ قانون سارے ملک میں ایک ہی ہونا چاہئیے ۔