اُصولوں سے انحراف کا الزام، سنگاریڈی میں وزیر آبپاشی کی انتخابی مہم، بائیک ریلی میں شرکت
حیدرآباد۔/29ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ مجوزہ اسمبلی انتخابات میں مقابلہ تلنگانہ حاصل کرنے والوں اور تلنگانہ کے غداروں کے درمیان ہوگا۔ تلنگانہ کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنے والے چندرا بابو نائیڈو کے ساتھ کانگریس پارٹی نے مفاہمت کرتے ہوئے اپنا حقیقی چہرہ عوام میں پیش کردیا ہے۔ ہریش راؤ نے آج سنگاریڈی میں پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے بائیک ریلی میں شرکت کی اور جلسہ عام سے خطاب کیا۔ ہریش راؤ کا عوام کی جانب سے جگہ جگہ شاندار استقبال کیا گیا۔ ہریش راؤ نے کانگریس۔ تلگودیشم اتحاد کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کانگریس سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلہ میں عوام سے وضاحت کریں۔ انہوں نے کہا کہ پردیش کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی چندرا بابونائیڈو کے اشارہ پر کام کررہے ہیں۔ تلنگانہ تحریک میں عوام نے اپنے حقوق اور عزت نفس کیلئے لڑائی لڑی لیکن اس وقت کانگریس قائدین نے آندھرائی حکمرانوں کے مفادات کے تحفظ کی کوشش کی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی دراصل تلگودیشم پردیش کانگریس کمیٹی میں تبدیل ہوچکی ہے۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ عظیم اتحاد میں تلنگانہ کے غدار اور ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے والے عناصر شامل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو اخلاقیات اور اصولوں کی بات کرنے کا کوئی اختیار نہیں کیونکہ اس نے تلنگانہ کے غداروں سے مفاہمت کرلی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں حکومت کے ترقیاتی و فلاحی اقدامات سے عوام مطمئن ہیں اور آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی ہے۔ 100 سے زائد نشستوں پر ٹی آر ایس کو کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مشن کاکتیہ اور مشن بھگیرتا اسکیمات کے ذریعہ ریاست میں پینے کے پانی اور آبپاشی کی ضروریات کیلئے مستقل طور پر مسئلہ کی یکسوئی کی کوشش کی جارہی ہے۔ حکومت نے آبپاشی پراجکٹس کیلئے جنگی خطوط پر اقدامات کئے لیکن کانگریس نے پراجکٹس کی راہ میں رکاوٹ پیدا کی ہے۔ انہوں نے سنگاریڈی کے عوام سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ کے غداروں کو سبق سکھائیں۔ سابق رکن اسمبلی چنتا پربھاکر نے آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کے سلسلہ میں ہریش راؤ کی کاوشوں کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ سنگاریڈی کی ترقی کیلئے حکومت کی جانب سے غیر معمولی اقدامات کئے گئے ہیں۔