]حیدرآباد۔6جولائی ( پی ٹی آئی ) مرکزی وزیر برکاش جاؤڈیکر نے آج کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ بی جے پی کے خلاف ویاپم اسکام پر ’ تھوکو اور بھاگ جاؤ‘ کی پالیسی اختیار کررہی ہے ۔ جاؤڈیکر نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ کانگریس الجھن اور تذبذب کا شکار ہوگئی ہے اور کانگریس تھوک اور بھاگ جاؤ کی حکمت عملی اختیار کررہی ہے ‘ وہ ( کانگریس) کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکی ہے اور وہ صرف اپنی مایوسی کا ثبوت پیش کررہی ہے ‘ اس کے سواء کچھ اور نہیں ہے ‘‘ ۔ اُن سے ویاپم اسکام کے ضمن میں مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان سے استعفیٰ کیلئے کانگریس کے مطالبہ اور بی جے پی پر تنقید کے متعلق سوال کیا گیا تھا ۔ مرکزی وزیر ماحولیات جاؤڈیکر نے کہا کہ ’’ مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر پہلے ہی ایس آئی ٹی تحقیقات کا حکم دے چکے ہیں اور کانگریس کے مطالبہ کے بغیر ہی تحقیقات شروع کی جاچکی ہیں ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ مدھیہ پردیش میں بڑے پیمانے پر داخلوں اور بھرتیوں کے اسکینڈل کی ہائیکورٹ کے زیرنگرانی ایس آئی ٹی تحقیقات جاری ہیں ‘‘ ۔ جاؤڈیکر نے کہا کہ ’’ وہ ( چوہان) خود تحقیقات کا حکم دے چکے ہیں ‘ پیشرفت پر ہائیکورٹ نے بھرپور اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ ہائیکورٹ کے زیر نگرانی ایس آئی ٹی تحقیقات کی جارہی ہے ‘‘ ۔ پرکاش جاؤڈیکر ‘ ریاستی بی جے پی کے ہیڈ کواٹرس میں جن سنگھ کے بانی شیام پرساد مکرجی کی یوم پیدائش تقاریب میں شرکت کیلئے یہاں پہنچے تھے ۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’ آندھراپردیش اور تلنگانہ کو چاہیئے کہ وہ جھگڑوں اور تنازعات میں الجھنے سے گریز کرتے ہوئے امن و اتحاد کے ساتھ رہنا چاہیئے ‘‘ ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’ سبز ہندوستان ‘ کے فروغ کیلئے اُن کی وزارت ریاستوں کو 35000 کروڑ روپئے فراہم کرے گی ۔ جاؤڈیکر نے کہا کہ’’ سبززار کے فروغ کیلئے وہ تمام ریاستوں کا دورہ کریں گے ‘‘ ۔ قبل ازیں جاؤڈیکر نے آج صبح حکومت تلنگانہ کے زیراہتمام ’ تلنگانہ کو ہریتا ہارم ‘‘ پروگرام میں حصہ لیا ۔