پارٹی میں اقلیتوں کی نمائندگی بڑھانے کی درخواست ، راہول گاندھی سے خلیق الرحمن کی ملاقات
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : نیشنل کوآرڈینٹر کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر خلیق الرحمن نے آج دہلی میں کانگریس کے نائب صدر مسٹر راہول گاندھی سے ملاقات کی ۔ اقلیتوں کے مسائل اور تلنگانہ میں کانگریس کے استحکام پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی راہول گاندھی سے بات چیت کے دوران قومی اور تلنگانہ کے تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اقلیتوں کے مسائل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے کانگریس کے دور حکومت میں جو اسکیمات متعارف کرائے گئے تھے اس پر عمل آوری پر بھی غور کیا گیا ۔ بعد ازاں خلیق الرحمن نے بتایا کہ تمام ریاستوں کے کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کی عاملہ کو تحلیل کردیا گیا ہے ۔ تاہم نئی کمیٹیاں تشکیل دینے تک موجودہ صدور کو ہی خدمات انجام دینے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ راہول گاندھی ملک بھر میں کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے کے لیے مختلف ریاستوں اور شہروں سے پارٹی قائدین کو طلب کر کے ان سے مشاورت کررہے ہیں ۔ مقامی حالات سے آگاہی حاصل کرنے کے علاوہ پارٹی کو مستحکم کرنے کے لیے انہیں مشورے دے رہے ہیں ۔ ان سے ملاقات میں اقلیتوں کے مسائل اور ان کی ترقی کے علاوہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کے استحکام کے بارے میں بھی بات چیت کی ہے ۔ کانگریس پارٹی میں ا قلیتوں کو مناسب نمائندگی دینے کی انہوں نے راہول گاندھی سے اپیل کی ہے ۔ جس سے انہوں نے اتفاق بھی کیا ہے ۔ مرکزی اور تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی پر نظر رکھنے عوام دشمن پالیسیوں سے کوئی سمجھوتہ نہ کرنے اور عوام کے درمیان رہ کر ان کا اعتماد حاصل کرنے کا راہول گاندھی نے مشورہ دیا ۔۔