مہیشورم اسمبلی حلقہ میں سبیتا اندرا ریڈی کاانتخابی مہم سے خطاب
حیدرآباد۔ 4 نومبر (سیاست نیوز) سینئر کانگریس قائد شریمتی بی سبیتا اندرا ریڈی نے آج کہا کہ اگر ریاست میں کانگریس کو اقتدار حاصل ہوتا ہے تو وہ چیف منسٹر بھی بن سکتی ہیں۔ آج حلقہ اسمبلی مہیشورم میں اپنی انتخابی مہم کے موقع پر سبیتا اندرا ریڈی نے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ حلقہ اسمبلی مہیشورم سے زائد از ایک لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گی۔ انہوں نے ٹی آر ایس پر تنقید کی اور کہا کہ ٹی آر ایس حکومت انتخابی وعدو ںکو پورا کرنے میں ناکام ثابت ہوگی جس کی وجہ سے عوام میں نہ صرف ناراضگی ہے بلکہ ٹی آر ایس کے تعلق سے مخالفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات کے موقع پر اپنے انتخابی منشور میں عوام سے وعدے کرکے ٹی آر ایس اقتدار حاصل کیا تھا۔ کے سی آر حکومت ان وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی جس کے پیش نظر عوام میں کے سی آر کے تعلق سے برہمی ہے اور اس مخالفت کو دیکھتے ہوئے ٹی آر ایس کو اپنی شکست کا اندازہ ہوچکا ہے جس کے پیش نظر وہ پرگتی بھون و فارم ہاؤز سے باہر نہیں آرہے ہیں ۔ حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے عظیم اتحاد کو دیکھتے ہوئے ٹی آر ایس اور اسکے قائدین خوف زدہ ہیں اور وہ عجیب و غریب صورتحال کا سامنا کرنے پر مجبور دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا ادعا کیا کہ انتخابات کے بعد ریاست تلنگانہ میں بہرصورت کانگریس ہی حکومت تشکیل دے گی۔