حیدرآباد /11 فروری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس بی ستیہ نارائنا نے کہا کہ سیما۔ آندھرا سے تعلق رکھنے والے جن 6 ارکان پارلیمنٹ کو برطرف کیا گیا ہے، وہ دوسری پارٹی میں شامل ہونے والے تھے، جب کہ ان کی برطرفی کا تلنگانہ بل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ واضح رہے کہ کانگریس ہائی کمان نے سیما۔ آندھرا کے 6 ارکان پارلیمنٹ لگڑا پاٹی راجگوپال، اونڈا ولی ارون کمار، سائی پرتاپ، ہرش کمار، سبم ہری اور رائے پاٹی سامبا شیوا راؤ کو برطرف کردیا ہے، جنھوں نے یو پی اے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی نوٹس پیش کی تھی۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ ہائی کمان نے ان ارکان پارلیمنٹ کی برطرفی کے اطلاع دی ہے، جب کہ برطرف ارکان اس غلط فہمی کا شکار ہیں کہ کانگریس کو ان کے علاوہ دوسرا امیدوار ملنے والا نہیں۔
انھوں نے کہا کہ کانگریس ایک سمندر ہے، ٹکٹ کے کئی دعویدار ہیں۔ علاوہ ازیں کانگریس کو اس بات کا علم ہو گیا تھا کہ یہ ارکان دوسری پارٹیوں میں جانے والے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح سیما۔ آندھرا کے ارکان اسمبلی سے ریاست کی تقسیم کے خلاف اسمبلی میں احتجاج کیا ہے، اسی طرح کانگریس کے دیگر ارکان پارلیمنٹ لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں احتجاج کریں گے۔ انھوں نے اعتراف کیا کہ ریاست کی تقسیم کے عمل سے کانگریس کو کئی مسائل درپیش ہے، تاہم یہ بات غلط ہے کہ عام انتخابات میں پارٹی کو امیدوار دستیاب نہیں ہوں گے۔