چیف سکریٹری اور دیگر عہدیداروں کو نوٹس کی اجرائی، 4 ہفتے بعد سماعت
حیدرآباد۔/12 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے کانگریس ارکان قانون ساز کونسل کے ٹی آر ایس میں انضمام کو چیلنج کرتے ہوئے داخل کی گئی درخواست کو سماعت کیلئے قبول کرلیا ہے۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے رِٹ درخواست داخل کی گئی جس میں کونسل میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے ٹی آر ایس میں انضمام سے متعلق جاری کردہ بلیٹن نمبر 9 کو کالعدم قرار دینے کی درخواست کی گئی۔ ملیشور راؤ اور بالاجی نامی سینئر کونسلس نے رِٹ پٹیشن دائر کی جس کی آج سماعت کی گئی۔ عدالت نے لیجسلیچر سکریٹری، صدرنشین قانون ساز کونسل، چیف سکریٹری تلنگانہ اور ارکان کونسل ایم ایس پربھاکر، دیاکر ریڈی، اے للیتا اور سنتوش ریڈی کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔ درخواست کی آئندہ سماعت 4 ہفتے بعد مقرر کی گئی۔