کانگریس ارکان اسمبلی کی معطلی مقدمہ کی سماعت مکمل ، گرمائی تعطیلات کے بعد فیصلہ

حیدرآباد ۔ 2 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے ارکان اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سمپت کمار کی اسمبلی رکنیت منسوخ کرنے کے معاملے میں ہائی کورٹ میں مباحث مکمل ہوگئے ۔ ہائی کورٹ نے فیصلے کو محفوظ کرتے ہوئے گرمائی تعطیلات کے بعد فیصلہ سنانے کا اعلان کیا ہے ۔ ہائی کورٹ کے سنگل رکنی بنچ کے فیصلے کو ٹی آر ایس کے 12 ارکان اسمبلی نے فل بنچ پر چیلنج کیا تھا ۔ واضح رہے کہ کانگریس ارکان اسمبلی کی طرف سے سپریم کورٹ کے سینئیر وکیل ابھیشک مانو سنگھوی نے ہائی کورٹ کے مباحث میں حصہ لیا ۔ اسمبلی کے فیصلے پر ارکان اسمبلی کو اپیل دائر کرنے کا اختیار نہ ہونے کا دعویٰ کرکے اسپیکر اسمبلی یا سکریٹری اسمبلی کو اپیل داخل کرنے کا اختیار ہونے کی دلیل پیش کی تھی ۔ اور یہ بھی کہا تھا کہ ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کی مداخلت کو قبول کیا جاتا ہے تو تمام ارکان اسمبلی کو بھی مداخلت کرنے کا اختیار رہے گا ۔ آج اس کیس کا جائزہ لینے کے بعد ہائی کورٹ نے فیصلے کو محفوظ کردیا ۔۔
ایس ایس سی میرٹ ایوارڈ آخری تاریخ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ایس ایس سی کامیاب امیدواروں سے میرٹ ایوارڈس کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ۔ طالب علم کو صرف ان کے ایس ایس سی میمو سال 2018 کی زیراکس کاپی اسکول کا نام اور فون نمبر دینا ہے ۔ جی پی اے 6 ، 7 ، 8 ، 9 اور 10 تک کے لیے پانچ زمرہ جات کے میرٹ ایوارڈس میں میڈلس مومنٹو اور سرٹیفیکٹ عطا کئے جاتے ہیں ۔ 4 مئی شام 7 بجے تک میمو زیراکس محبوب حسین جگر ہال احاطہ سیاست عابڈس پر داخل کردیں ۔ تمام امیدواروں کو بذریعہ ایس ایم ایس مطلع کیا جائے گا ۔۔