کانگریس وفود کی علحدہ علحدہ گورنر اور چیف سکریٹری سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کی قیادت میں کانگریس قائدین کے وفد نے راج بھون پہونچکر گورنر سے ملاقات کی ۔ ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکرامارک کی قیادت میں ایک وفد نے سکریٹریٹ پہونچکر چیف سکریٹری سے ملاقات کی ۔ ہائی کورٹ کی جانب سے کانگریس کے دو ارکان اسمبلی کی رکنیت منسوخ کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے 20 دن بعد بھی اس پر عمل نہ کرنے کے خلاف علحدہ علحدہ یادداشتیں پیش کرتے ہوئے اس پر فوری عمل کرنے کا مطالبہ کیا ۔ راج بھون پہونچنے والے قائدین میں قائدین اپوزیشن کے جانا ریڈی ( اسمبلی ) ، محمد علی شبیر ( کونسل ) ارکان اسمبلی پدماوتی ریڈی ، ٹی جیون ریڈی ، ومشی چند ریڈی ، ملو بٹی وکرامارک ، سابق مرکزی وزیر بلرام نائیک ، سابق ریاستی وزیر ناگم جناردھن ریڈی سابق اسپیکر اسمبلی سریش ریڈی مہیلا کانگریس کی صدر این شاردا کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ راج بھون کے باہر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو قبول نہ کرنے پر تحقیر عدالت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے ارکان اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سمپت کمار کی اسمبلی رکنیت منسوخ کرنے کی اسمبلی میں جو قرار داد منظور ہوئی تھی ۔ اس کو ہائی کورٹ میں سماعت کے بعد کالعدم قرار دیتے ہوئے ہائی کورٹ نے دونوں ارکان اسمبلی کی رکنیت بحال کردی تھی اور یہ بھی کہا تھا کہ یہ دونوں ارکان اپنی میعاد مکمل ہونے تک ارکان اسمبلی برقرار رہیں گے اور تمام ارکان اسمبلی کو جو سہولتیں اور رعایتیں دی جارہی ہیں ۔ انہیں بھی دینے کی حکومت کو ہدایت دی تھی ۔ ہائی کورٹ کے فیصلے کی کاپی بھی گورنر کو پیش کرتے ہوئے ان سے خواہش کی گئی کہ دستور نے انہیں جو اختیارات دئیے ہیں اس کا بھر پور استعمال کرتے ہوئے ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کانگریس کے دو ارکان اسمبلی کی رکنیت بحال کرنے کے اقدامات کریں ۔ سمپت کمار نے گورنر سے ملاقات کا بائیکاٹ کرتے ہوئے راج بھون میں داخل ہونے کے بجائے باہر ہی کانگریس قائدین کا انتظار کیا ۔ ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ملو بٹی وکرامارک کی قیادت میں کانگریس کے ارکان اسمبلی ، رام موہن ریڈی ، پدماوتی ریڈی ، ٹی جیون ریڈی ، ومشی چندر ریڈی ، سمپت کمار اور مہیلا کانگریس کی صدر این شاردا نے سکریٹریٹ پہونچکر چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی سے ملاقات کی ۔ ہائی کورٹ کے فیصلے پر فوری عمل آوری کرتے ہوئے کانگریس کے دو ارکان اسمبلی کی رکنیت بحال کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا اور ایک یادداشت و ہائی کورٹ کے فیصلے کی کاپی حوالے کی ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ملو بٹی وکرامارک نے کہا کہ عوامی منتخب نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی مسائل پر ردعمل کا اظہار کریں اور عوام کے درمیان پہونچکر کام کریں ۔ ہائی کورٹ نے 20 دن قبل ارکان اسمبلی کی رکنیت بحال کردی تاہم انہیں سرکاری تقاریب سے دور رکھتے ہوئے ہائی کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کی جارہی ہے ۔ کانگریس پارٹی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ارکان اسمبلی کی رکنیت بحال کرنے کے فوری احکامات جاری کریں ۔۔