کانگریس اراضی سروے کی مخالف نہیں ‘ سدھاکر ریڈی

حیدرآباد 3 ستمبر ( این ایس ایس ) یہ واضح کرتے ہوئے کہ کانگریس پارٹی جامع اراضی سروے کی مخالف نہیں ہے ایم ایل سی پی سدھاکر ریڈی نے اآج کہا کہ ٹی آر ایس غیر ضروری طور پر کانگریس کو نشانہ بنا رہی ہے ۔ کانگریس کا واحد مطالبہ یہ ہے کہ اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کیلئے کل جماعتی اجلاس طلب کیا جائے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی سدھاکر ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس نے اراضی سروے پروگرام کو پارٹی پروگرام میں تبدیل کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن کسانوں نے خود کشی کی ہے ان میں 70 فیصد کرایہ دار کسان تھے ۔ سابقہ کانگریس حکومت نے 4.5 کرایہ دار کسانوں کو متحدہ آندھرا میں کارڈز دئے تھے ۔ اس وقت کی یو پی اے حکومت نے کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے 70 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے تھے ۔ انہوں نے چیف منسٹر سے کہا کہ وہ ریاست میں بخار کی روک تھام کیئے اقدامات کریں اور بلند بانگ دعوے کرنے سے گریز کریں۔ سدھاکر ریڈی نے نے چیف منسٹر سے اپیل بھی کی کہ وہ پر بیارم اسٹیل پلانٹ اور پولاورم پراجیکٹ کے ڈیزائین میں تبدیلی کے مسئلہ پر مرکزی حکومت سے نمائندگی کریں۔