کانگریس اراضی بل کی شدید مخالف

آخر تک احتجاج کرنے کا عزم، جئے رام رمیش
حیدرآباد /3 اپریل ( پی ٹی آئی ) این ڈی اے حکومت پر کسان دشمن ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر جئے رام رمیش نے آج کہا کہ ان کی پارٹی مجوزہ اراضی بل کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر جدوجہد جاری رکھے گی ۔ انہوں نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حصول اراضی بل کی ترمیم کرنے کا مقصد یہ ہے کہ نریندر مودی حکومت کارپوریٹ گھرانوں کو فائدہ پہونچانا چاہتی ہے ۔ مودی حکومت بنیادی طور پر مخالف زراعت ، کسان دشمن ہے ۔ ہم اس بل کے خلاف آخری تک جدوجہد کریں گے ۔ اس بل کے پانچ نکات پر کانگریس مخالفت کر رہی ہے ۔ بل میں حصول اراضی کیلئے کسانوں سے ان کی مرضی معلوم نہ کرنے کو ترجیح دی گئی ہے ۔ اس بل سے سماج پر ہونے والے اثرات کا جائزہ لے لیا گیا ۔ 5 سال کے بعد اراضی واپس کرنے وپر غور نہیں کیا گیا ۔ اراضی کا حصول صنعتی راہداریوں کیلئے ہے ۔ کسانوں کو فائدہ پہونچانے کیلئے اس بل میں کوئی مراعات شامل نہیں کئے گئے ہیں ۔ جن کسانوں کو معاوضہ نہیں ملا ہے ان کیلئے کوئی راحت فراہم نہیں کی گئی ہے ۔ جئے رام رمیش نے حکومت کو شدید تنقید کی اور کہا کہ مجوزہ بل میں کوئی بھی کارآمد تبدیلی لائے بغیر اسے منظور کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ حکومت نے پہلے آرڈیننس جاری کئے اس کے بعد اس میں ترمیمات لائے اور لوک سبھا میں بل کو پیش کیا گیا ۔ لیکن اس بل کو راجیہ سبھا میں روک دیا گیا ہے ۔ اب وہ کہہ رہے ہیں کہ ہم بل کے اندر ترمیمات لانے کیلئے تیار ہیں ۔