کانگریس آگسٹا اسکام سے عوام کی توجہ ہٹادینے کوشاں

نئی دہلی ۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیرپارلیمانی امور وینکیا نائیڈو نے آج کانگریس کو موردالزام ٹھہرایا کہ وہ ایوان میں غیرضروری مسائل اٹھاتے ہوئے عوام کی توجہ آگسٹا ویسٹ لینڈ اسکام سے ہٹانے کی کوشش کررہی ہے جبکہ اپوزیشن پارٹی نے سی اے جی رپورٹ برائے کے جی طاس پراجکٹ پر مباحث کا مطالبہ کیا۔ نائیڈو نے راجیہ سبھا میں خلل اندازیوں کا حوالہ دیتے ہوئے پارلیمنٹ کے باہر کہا کہ کانگریس پارٹی آگسٹا چاپر اسکام سے عوام کی توجہ ہٹا دینا چاہتی ہے۔ اس لئے وہ غیرضروری اور غیرمتعلقہ مسائل پارلیمنٹ میں اٹھارہے ہیں۔ کانگریس نے آج گجرات اسٹیٹ پٹرولیم کارپوریشن کے کے جی بیسن گیس پراجکٹ میں مبینہ بے قاعدگیوں کے تعلق سے سی اے جی کی تازہ رپورٹ میں صراحت پر مباحث چاہے اور راجیہ سبھا میں ماقبل دوپہر کے سیشن میں تین مرتبہ کارروائی ملتوی کرنے پر مجبور کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ نائیڈو نے کہا کہ یہ ریاستی معاملہ ہے اور کانگریس یہ معاملہ غلط جگہ پر اور غلط وجہ کے ساتھ اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج راجیہ سبھا میں اپوزیشن نے ایوان کی کارروائی چلنے نہیں دی اور اسے بار بار ملتوی کرنا پڑا۔ اس کی کوئی معقول وجہ نہیں تھی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ گجرات اسٹیٹ پٹرولیم کارپوریشن کا مسئلہ ریاستی موضوع ہے۔ سی اے جی نے اس بارے میں بعض رپورٹس دیئے ہیں۔ لہٰذا دستور کے مطابق یہ رپورٹ گورنر سے رجوع کی جائے گی۔ پھر گورنر اسے ایوان میں پیش کرنے کیلئے کہیں گے، اس طرح یہ پی اے سی کے پاس جائے گی۔ یہ قانون کا طریقہ ہے اور ہر کسی کو قاعدہ کا علم ہے۔ ’’مجھے امیدہے وہ (کانگریس) سمجھیں گے کہ یہ پارلیمنٹ ہے، ریاستی مقننہ نہیں۔ لہٰذا وہ یہ مسئلہ غلط جگہ پر اور غلط وجہ کے ساتھ اٹھا رہے ہیں‘‘۔ پارلیمنٹ کا گھیراؤ کرنے کانگریس کے اعلان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نائیڈو نے ادعا کیا کہ اپوزیشن پارٹی بہت ساری باتیں چھپانا چاہتی ہے، اس لئے وہ مسئلہ سے توجہ ہٹانے کیلئے کوشاں ہے۔ کانگریس کے ارادے پر سوال اٹھاتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ ہم جاننا چاہیں گے کہ وہ آگسٹا اسکام پر مباحث سے کیوں پس و پیش کررہے ہیں۔ وہ بس پارلیمنٹ کی کارروائی روک دینے کوشاں ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے گھیراؤ کی نوٹس دی ہے۔ اپوزیشن کوپارلیمنٹ میں مباحث کیلئے اصرار کرنا چاہئے لیکن وہ پارلیمان کا گھیراؤ چاہتے ہیں۔ عوام ہمیں پارلیمنٹ کیلئے منتخب کرتے ہیں لیکن وہ پارلیمان کا گھیراؤ کرنا چاہتے ہیں۔ یہ سیاسی شعبدہ بازی ہے۔ یہ ان کی عوام کو گمراہ کرنے کی مہم کا حصہ ہے۔