کانگریس ’آئی سی یو‘ میں اپوزیشن پارٹیوں کے سہارے زندہ!

نئی دہلی ، 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ کانگریس پارٹی ’اِنٹنسیو کیئر یونٹ (آئی سی یو)‘ میں ہے اور اپنی بقاء کیلئے دیگر اپوزیشن پارٹیوں کا سہارا لے رہی ہے، اور کہا کہ وہ کسی بھی پارٹی کے ساتھ ہاتھ ملانے کیلئے تیار ہے تاکہ 2019ء لوک سبھا چناؤ کیلئے عظیم اپوزیشن اتحاد تشکیل دیا جاسکے۔ مودی نے یہ بھی کہا کہ ہوا کا رخ تو بی جے پی کی سمت ہے اور یہ کہ موقع پرست اپوزیشن پارٹیاں اپنی قوت جٹانے کیلئے ایک دوسرے کے ہاتھوں کو تھام رہی ہیں۔ انھوں نے پارٹی ورکرز کو تاکید کی کہ آئندہ عام انتخابات میں بی جے پی کی فتح کو یقینی بنانے کیلئے ’میرا بوتھ سب سے مضبوط‘ کے عہد پر عمل کریں۔ ’نمو‘ ایپ کے ذریعہ پانچ لوک سبھا حلقوں کے پارٹی ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ بی جے پی کی سب سے بڑی طاقت اس کے ورکرز ہیں۔ اُن کی سخت محنت نے پارٹی کی تاریخی کامیابی اور چار سال کی مختصر مدت میں پیشرفت کو یقینی بنایا ہے۔ انھوں نے پارٹی کی کامیابی کو اپنے ورکرز اور اپنے متعلقہ پولنگ بوتھس پر اُن کی گرفت سے منسوب کیا۔ اس دوران مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے آج کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی مرکز کا نمایاں آیوشمان بھارت۔ نیشنل ہیلت پروٹیکشن مشن جھارکھنڈ سے 23 ستمبر کو شروع کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ آیوشمان بھارت پروگرام پر عمل آوری کیلئے جو کچھ بھی بجٹ درکار ہوگا، حکومت کی جانب سے الاٹ کیا جائے گا۔